التماس برائے دعائے صحت۔ - صدائے مہاراشٹر کے قارئین سے ادباً گزارش ہے کہ آپ ادبِ اطفال کی معتبر شخصیت کی صحت یابی کے دعاکریں۔
التماس برائے دعائے صحت۔
صدائے مہاراشٹر کے قارئین سے ادباً گزارش ہے کہ آپ ادبِ اطفال کی معتبر شخصیت کی صحت یابی کے دعاکریں۔
ممبئی (خان نویدالحق) نہایت غمگین دل کے ساتھ عرض ہے کہ بچّوں کے معروٗف و مقبوٗل رسالے ماہنامہ "گُل بوٗٹے" کے مدیراعلیٰ، صاحبِ فکر و قلم، اور میرے دیرینہ رفیقِ سفر برادرم فاروٗق سیّد ان دنوں شدید علالت کے باعث زیرِ علاج ہیں.
اس وقت وہ Benz Hospital کے شعبۂ نگہداشتِ انتہائی (ICU) میں داخل ہیں، جہاں معالجین کی مسلسل توجّہ، احباب کی محبت بھری نیک تمناؤں اور اہلِ خانہ کی دعاؤں کے سائے میں ان کی حالت بحمد اللہ قدرے سنبھلی ہوئی بتائی جاتی ہے.
فاروٗق سیّد کا نام اردوٗ ادب، بالخصوٗص ادبِ اطفال کے میدان میں ایک روشن و معتبر حوالہ ہے. ماہنامہ "گُل بوٗٹے" کی ادارت کے ذریعے انھوں نے نہ صرف بچّوں کے لیے معیاری، اخلاقی اور تعمیری ادب فراہم کیا بلکہ نئی نسل کے اذہان میں تہذیبی شعوٗر، اخلاقی اقدار اور علمی ذوق کی آبیاری کا ایک خاموش مگر مؤثر فریضہ بھی انجام دیا. ان کا اسلوٗب سادہ مگر پُراثر، اور فکر پاکیزہ مگر بصیرت افروز رہی ہے. انھوں نے اپنی ادبی کاوشوں کے ذریعے بچّوں کی دُنیا کو رنگ، خوشبوٗ اور معانی کی ایسی ہمہ جہت جہتیں عطا کیں جو یقیناً قابلِ صد تحسین ہیں.
جہاں تک میرے اور فاروق سیّد کے تعلق کا معاملہ ہے تو یہ محض ایک رسمی یا پیشہ ورانہ رشتہ نہیں، بلکہ خلوٗص ، اعتماد اور باہمی احترام پر استوار ایک دیرینہ رفاقت ہے. ہم نے ایک طویل عرصہ علمی و ادبی میدان میں ساتھ گزارا ہے، کئی فکری و تخلیقی مراحل میں ایک دوسرے کے ہم نوا و ہم قدم رہے ہیں. ان کی شگفتہ مزاجی، اخلاصِ دل اور ادب سے بے لوث وابستگی نے ہمیشہ مجھے متاثر کیا ہے. ان کی علالت دل کو بے حد مغموٗم کر رہی ہے، اور حقیقت یہ ہے کہ مَیں اپنے قریبی عزیز کو آزمائش میں مبتلا پا کر بے حد بے چَین ہوٗں. نیز مَیں خوٗد بھی منہ کے چھالوں سے پریشان ہوٗں.
اس نازک گھڑی میں تمام احباب، اہلِ علم اور اربابِ ذوق سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ وہ فاروٗق سیّد کی جلد و کامل صحت یابی کے لیے خصوٗصی دُعاؤں کا اہتمام فرمائیں.
اللہ تعالیٰ فاروٗق سیّد کو اس عارضۂ مرض سے شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے، ان کی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے، اور انھیں صحت و عافیت کے ساتھ دوبارہ علمی و ادبی میدان میں فعال کردار ادا کرنے کی قوت و استطاعت عطا فرمائے. اللہ تعالیٰ اپنے فضلِ خاص سے فاروٗق سیّد کو صحتِ کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے، ان کے جسم کے ہر ذرّے کو شفا نصیب کرے، ہر تکلیف کو دور فرمائے اور ہر آزمائش کو آسانی میں بدل دے، انھیں درازیٔ عمر بالخیر عطا فرمائے.
اللّٰهُمَّ اشْفِ عَبْدَكَ فَارُوقَ السَّيِّدِ شِفَاءً لَا يُغَادِرُ سَقَمًا،
اللّٰهُمَّ أَنْزِلْ عَلَيْهِ سَكِينَتَكَ، وَأَلْبِسْهُ لِبَاسَ الصِّحَّةِ وَالْعَافِيَةِ،
اللّٰهُمَّ اجْعَلْ مَا أَصَابَهُ طُهُورًا وَرَفْعَةً فِي الدَّرَجَاتِ،
وَارْزُقْهُ صَبْرًا جَمِيلًا وَأَجْرًا عَظِيمًا۔ آمین ثم آمین.
اللّٰہُمَّ اشْفِهِ شِفَاءً كَامِلًا، وَارْفَعْ عَنْهُ كُلَّ أَلَمٍ وَبَلَاءٍ، وَأَلْبِسْهُ ثَوْبَ الصِّحَّةِ وَالْعَافِيَةِ، وَاجْعَلْ مَا أَصَابَهُ كَفَّارَةً لَهُ وَرَفْعَةً فِي دَرَجَاتِهِ.
آمین ثم آمین.
صدائے مہاراشٹر کے قارئین سے ادباً گزارش ہے کہ آپ ادبِ اطفال کی معتبر شخصیت کی صحت یابی کے دعاکریں۔
Comments
Post a Comment