سرکاری ہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات کی قلت: ویلفیئر پارٹی کا فوری فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ۔زندگی بچانے والی ادویات کی کمی سے لوگوں کے صحت کے حق کو خطرہ ہے۔
بیدر : 5/ مارچ (نامہ نگار ) ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کرناٹک کے ریاستی صدر ایڈوکیٹ طاہر حسین نے ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں زندگی بچانے والی ادویات کی شدید قلت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ریاست کے مختلف ضلع اسپتالوں، تعلقہ اسپتالوں، کمیونٹی ہیلتھ سینٹروں اور بنیادی صحت مراکز میں بخار، عام درد کش ادویات، IV فلوئڈس، اینٹی بائیوٹک سمیت روزانہ کی ادویات کی قلت ایک سنگین مسئلہ ہے۔اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ سرکاری دواخانوں میں کم اسٹاک ہونے کی وجہ سے سرکاری اسپتالوں کو مطلوبہ مقدار میں ادویات نہیں مل رہی ہیں۔ یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ بعض جگہوں پر ایمرجنسی سرجری بھی ملتوی کی جارہی ہیں۔ سیون اور پٹی کے سامان کی قلت کے باعث مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ لامحالہ ایسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے کہ مریضوں کے لواحقین پرائیویٹ ا سٹورز سے ادویات خریدنے کے لیے پیسے خرچ کر رہے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ سرکاری ڈاکٹر بھی باہر سے ادویات لانے کا مشورہ دے رہے ہیں، یہ صحت عامہ کے نظام کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ محکمہ صحت اور خاندانی بہبود کے حکم کے مطابق دو ماہ کے ادویات کی مقامی خریداری کے لیے 30 کروڑ روپے استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ریاست میں تخمینہ 3000+ سرکاری صحت کے اداروں کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے، ویلفیئر پارٹی آف انڈیاکرناٹک کا خیال ہے کہ 30کروڑ کی گرانٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔
Comments
Post a Comment