رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ پر معلوماتی ورکشاپ کا انعقاد۔
بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) طلبہ میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنے اور قدرتی و غیر متوقع آفات کے دوران مناسب طرزِ عمل سے آگاہ کرنے کے مقصد سے منگل 10مارچ 2026 کو رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے موضوع پر ایک مفید اور معلوماتی ورکشاپ کا انعقاد اردو بسیرا آڈیٹوریم میں عمل میں آیا۔ اس پروگرام میں طلبا و طالبات نے بڑی دلچسپی اور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ورکشاپ میں ریسورس پرسن کے طور پر تھانہ ضلع محکمہ آفات کے راہل اہیرے اور جے دیدجا دھو شریک ہوئے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹر مخلص مدعو نے مہمانانِ کا استقبال کرتے ہوئے پروگرام کی اہمیت اور افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ماہرین نے قدرتی آفات جیسے زلزلہ، سیلاب، آگ لگنے اور دیگر ہنگامی حالات کے دوران اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں طلبہ کو مفصل معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی بھی حادثہ یا آفت کے وقت گھبراہٹ کا شکار ہونے کے بجائے دانشمندی، صبر اور نظم و ضبط کے ساتھ صورتحال کا مقابلہ کرنا چاہیے۔اس موقع پر ماہرین نے عملی مظاہرے (ڈیمونسٹریشن) کے ذریعے فرسٹ ایڈ کے بنیادی اصولوں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور ہنگامی حالات میں محفوظ مقامات تک پہنچانے کے مؤثر طریقوں سے بھی طلبہ کو آگاہ کیا۔ نیز اسکول کے گراؤنڈ پر آگ بجھانے کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا جس میں طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور عملی تربیت حاصل کی۔پروگرام کے دوران طلبہ نے مختلف سوالات بھی کیے جن کے ماہرین نے تسلی بخش جوابات دیے۔ اس موقع پر وائس پرنسپل عامر صدیقی، ذاکر انصاری، مصیب مومن، اساتذہ کرام اور بڑی تعداد میں طلبہ موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت اور رسم شکریہ کا فریضہ عبداللطیف پنگارکر نے بخوبی انجام دیا۔
Comments
Post a Comment