مثالی معلم ایوارڈ سے سرفراز۔
کولہاپور (نامہ نگار): شہر کے تعلیمی حلقوں کے لیے یہ نہایت خوشی اور فخر کی خبر ہے کہ مہانگر پالیکا شہباز خان امین خان جمادار اردو، مراٹھی اینڈ سیمی انگلش اسکول، کولہاپور کی معزز ہیڈمسٹریس محترمہ رخسانہ پٹیل آپاجان کو عالمی یومِ خواتین کے موقع پر سہیلی گروپ کی جانب سے ان کی نمایاں تعلیمی خدمات کے اعتراف میں “بیسٹ شکشک ایوارڈ” سے سرفراز کیا گیا۔
محترمہ رخسانہ پٹیل آپاجان عرصۂ دراز سے شعبۂ تعلیم سے وابستہ ہیں اور انہوں نے اپنی انتھک محنت، خلوص اور لگن کے ذریعے تعلیمی میدان میں قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ خصوصاً انہوں نے مختلف تعلیمی اداروں کے قیام اور فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس کے باعث بے شمار طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیم کے مواقع فراہم ہوئے ہیں۔
اردو زبان و ادب کی ترقی اور ترویج کے لیے بھی ان کا جذبہ قابلِ ستائش ہے۔ وہ ہمیشہ اس بات کی کوشش کرتی ہیں کہ نئی نسل کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اردو زبان سے بھی جوڑا جائے۔ طلبہ کی تعلیمی ترقی، اخلاقی تربیت اور روشن مستقبل کے لیے ان کی مسلسل محنت اور رہنمائی قابلِ تقلید سمجھی جاتی ہے۔
تعلیمی و سماجی حلقوں نے محترمہ رخسانہ پٹیل آپاجان کو اس باوقار اعزاز کے حصول پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ تعلیمی خدمات انجام دیتی رہیں گی اور اپنے ادارے کا نام مزید روشن کریں گی۔
Comments
Post a Comment