بیدر میں نمازِ عیدالفطر کا روح پرور اجتماع، جمعیت اہلِ حدیث کے زیرِ اہتمام مثالی انتظامات۔


بیدر : 24/مارچ۔ (نامہ نگارمحمد عبدالصمد) جمعیت اہلِ حدیث بیدر کے صدر شیخ سلیم نے اپنے جاری کردہ ایک پریس نوٹ میں اطلاع دی ہے کہ عیدالفطر کی مبارک و مسنون نماز یکم شوال المکرم کی صبح ٹھیک 7:15 بجے اشٹور رنگ روڈ کراس کے بائیں جانب واقع فٹبال گراؤنڈ کے سامنے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔ اس روح پرور اجتماع میں شہر و اطراف کے کثیر تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کرتے ہوئے عید کی اجتماعی عبادت کا اہتمام کیا۔پریس نوٹ کے مطابق نمازِ عیدالفطر کی امامت اور خطبہ عید فضیلۃ الشیخ علاء الدین سلفی حفظہ اللہ نے انجام دیا۔ اپنے جامع اور فکر انگیز خطاب میں انہوں نے حاضرین کو عید کی حقیقی روح، تقویٰ، اخوتِ اسلامی اور شریعتِ مطہرہ کی بنیادی تعلیمات سے روشناس کراتے ہوئے اتحاد و یگانگت کا پیغام دیا۔ نمازیوں کی سہولت کے پیشِ نظر شہر کے مختلف علاقوں سے نماز گاہ تک آمد و رفت کے معقول انتظامات کیے گئے تھے، جس کے باعث عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ پورا اجتماع نظم و ضبط اور باہمی تعاون کی ایک عمدہ مثال پیش کرتا رہا۔ ضلعی جمعیت اہلِ حدیث بیدر نے عیدالفطر کے اس پرامن اور کامیاب انعقاد پر اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے مختلف افراد و اداروں کا خصوصی طور پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔ جناب کاشف الحق صاحب کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے نمازِ عید کے لیے جگہ فراہم کرنے کے ساتھ ہر ممکن تعاون پیش کیا۔ اسی طرح جمعیت کے تمام اراکین کی محنت، باہمی تعاون اور انتھک جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ انہی کی کاوشوں سے یہ اجتماع خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچا۔ جناب عامر خان صاحب (خازن ضلعی جمعیت و مرکزی مسجد عائشہ) کی بے لوث خدمات، مالیاتی نظم و ضبط اور انتظامی کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا گیا۔نماز گاہ کے والنٹیرس، خصوصاً نوجوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے نظم و ضبط برقرار رکھنے اور انتظامات کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ جناب رفیع خان صاحب کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے مرکزی مسجد عائشہ اور عیدگاہ میں بہترین ساؤنڈ سسٹم کا انتظام کیا، جس کے باعث خطبہ عید واضح طور پر دور تک سنائی دیا۔اسی طرح تراویح میں سماعت قُرآن کیلئے خواتین کا مسجدِ عائشہ ؓ متصل نظامس فنکشن پیالیس میں بہتر نظم کئے جانے پر نظامس فنکشن پیالیس کے مالک سے بھی اظہار تشکر کیا گیا۔ محکمہ پولیس بیدر کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے عیدگاہ کے انعقاد کے لیے بروقت اجازت نامہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا۔ علاوہ ازیں میڈیا نمائندگان کی خدمات کو بھی سراہا گیا جنہوں نے جمعیت کے اعلانات اور پیغامات کو عوام الناس تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔آخر میں بیدر کی غیور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے امیرِ ضلعی جمعیت اہلِ حدیث کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے کثیر تعداد میں عیدگاہ پہنچ کر اتحادِ ملت کا عملی مظاہرہ کیا۔ پریس نوٹ میں کہا گیا کہ عوام کی اس بھرپور شرکت نے نہ صرف جمعیت کے موقف کو تقویت بخشی بلکہ مخالف عناصر کو بھی ایک خاموش مگر مؤثر پیغام دیا

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ