حیدرآباد روڈ پر واقع اسپیڈ بریکر کوہٹایاجائے : شہریان بیدرکا مطالبہ۔
بیدر۔ 23/مارچ (محمدیوسف رحیم بیدری) بیدرشہر کے حیدرآباد روڈ پر واقع سوئمنگ پول اور اے پی ایم سی (ہول سیل ترکاری) مارکیٹ کے درمیان واقع اسپیڈبریکر کو ہٹانے کاشہریان ِ بیدر نے مطالبہ کیاہے۔ تفصیلات کے بموجب نورکالج کی جانب واقع روڈ سے شہر کی جانب آتے ہوئے حیدرآباد روڈ پر اے پی ایم سی مارکیٹ کے قریب اور انمول پیالیس کے پاس ایک اسپیڈبریکر واقع ہے۔ جہاں مبینہ طورپر روزانہ حادثات ہورہے ہیں، کوئی نہ کوئی عجیب سا واقعہ ہوتاہے، جس کے نتیجے میں ٹووہیلر والے راہگیر زخمی ہوجاتے ہیں،یاان کاہاتھ اور پیر فریکچرکاشکار ہوجاتاہے۔ ماہ رمضان کے آخری ایام میں بیدر شہر کی معروف شخصیت، حاجی محمدسلطان میموریل اردو ہائی اسکول کے صدرمعلم اور جماعت اسلامی ہند بیدر کے امیر جناب محمدمعظم اسی مقام پر بھیانک حادثہ کا شکار ہوئے جس کے نتیجے میں ان کادایاں ہاتھ کی کلائی اور کہنی میں فریکچر ہوا۔ بایاں پیر بھی فریکچرسے متاثر ہوا۔ اسی طرح لوگوں کے بیان کے مطابق وہاں ہر روز کوئی نہ کوئی حادثہ ہوتاہے۔ عین ممکن ہے کہ وہاں کچھ زمینی تاثیر ہی ایسی ہوکہ حادثات ہوتے رہتے ہوں۔ کچھ لوگ اس مقام کو آسیب زدہ قرار دیتے ہیں۔ لہٰذا جناب اسحق جنواڑکر صاحب سابق فزیکل انسٹرکٹر الامین ہائی اسکول بیدر اور دیگر افراد نے وہاں سے اسپیڈبریکر ہٹادینے کامطالبہ کیاہے۔ شاہ پورگیٹ کے پاس رہنے والے اور روزانہ وہاں سے گزرکر شہر میں آنے والے افراد کاخیال ہے کہ اسپیڈبریکر کی وجہ سے وہاں اس طرح کے حادثات رونما ہورہے ہیں۔ واضح رہے کہ جناب محمد معظم صدر معلم حاجی محمدسلطان میموریل اردو ہائی اسکول کی مزاج پرسی کے لئے بیدرکے رکن اسمبلی اور وزیر حج وبلدیہ جناب رحیم خان ان کے گھر پہنچے تھے۔ توقع ہے کہ وزیر موصوف اس طرف فوری توجہ دیتے ہوئے حیدرآباد روڈ پر واقع اس خطرناک اسپیڈبریکرکوہٹادئے جانے کافوری حکمنامہ جاری کریں گے تاکہ مزید حادثات سے شہریان بیدر اوراس را ہ کے راہگیر بچ سکیں۔اس خصوص میں محکمہ ء پولیس کی رائے بھی لینے کے بعد
ہی کوئی قدم اٹھایاجانا چاہیے کیوں کہ اس مقام پر کئی سال پہلے ایک لاری الٹنے سے کئی افراد کی جان جانے کی بات بھی لوگ بتاتے ہیں۔اگر اسپیڈبریکر کاہٹایاجاناضرور ی ہوتب بھی ہماری دانست میں وہاں بیریکیڈلگایاجانا چاہیے۔
Comments
Post a Comment