ضلع پریشد اردو اسکول یسورنا کے طالب علم کا فضائی تعلیمی سفر؛ واپسی پر شاندار استقبال۔
یسورنا(راست) اچل پور پنچایت سمیتی کے تحت آنے والے ضلع پریشد اردو اسکول، یسورنا کے طالب علم سید تہمیل نورین سید صادق کا انتخاب "پرج (ذہین) طالب علم" کے طور پر بنگلور کے فضائی تعلیمی دورے کے لیے کیا گیا تھا۔ امراوتی ضلع کی چیف ایگزیکٹو آفیسر محترمہ سنجیتا مہاپاترا کے تصور کے تحت جاری خصوصی مہم کے ذریعے یہ سنہری موقع فراہم کیا گیا تھا، اور یہ تعلیمی سفر 14 مارچ 2026 کو روانہ ہوا تھا۔
اس تعلیمی دورے کے دوران طلبہ نے بنگلور (کرناٹک) کے مختلف تعلیمی اور سائنسی مقامات کا دورہ کیا اور کئی نئے تجربات حاصل کیے۔ 18 مارچ 2026 کی رات جب سید تہمیل نورین سید صادق گاؤں واپس پہنچے تو گاؤں والوں نے ان کا بے حد جوش و خروش کے ساتھ شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر گاؤں کی سرپنچ محترمہ سنجیوَنی تائی بالو وانکھڑے، سابق پنچایت سمیتی چیئرمین جناب نریندر بھاؤ پڑولے، سابق نائب چیئرمین جناب شریدر راؤ کالے، نائب سرپنچ جناب شریدر نگھوٹ، جناب راجیش کالے، پولیس پاٹل جناب جیون جناردن کالے، گرام پنچایت ممبران سید شوکت، اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے صدر سید درانی، نائب صدر عین اللہ خان پٹھان اور دیگر معززین و گاؤں والوں نے ان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ اس کامیابی سے نہ صرف گاؤں بلکہ اسکول کا بھی نام روشن ہوا اور دیگر طلبہ کے لیے یہ ایک بڑی تحریک بن گئی۔
اس نمایاں کامیابی پر اچل پور پنچایت سمیتی کے معزز گروپ ڈیولپمنٹ آفیسر جناب سدھیر راؤ اربٹ، گروپ ایجوکیشن آفیسر جناب نندکشور کھرات، ایکسٹینشن آفیسر شری رام چودھری، بھلاویکر صاحب، مورے صاحب، نیز مرکز انچارج محترمہ ارچنا رہاتے میڈم، دیوراؤ آمودے سر اور بجوے میڈم نے واٹس ایپ اور ٹیلیفون کے ذریعے طالب علم اور اسکول کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ اسکول انتظامیہ نے اس موقع پر کہا کہ معزز افسران کی رہنمائی اور تعاون ہی اس کامیابی کا اصل سبب ہے اور ان کی حوصلہ افزائی سے اساتذہ اور طلبہ میں نیا جوش پیدا ہوا ہے۔
ضلع پریشد اسکولوں کے ذہین اور باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے انتظامیہ کی جانب سے مختلف منصوبے چلائے جاتے ہیں، جن کا مقصد دیہی علاقوں کے بچوں کو جدید دنیا سے روشناس کرانا اور ان کے خوابوں کو پرواز دینا ہے۔ اسی مقصد کے تحت محترمہ سنجیتا مہاپاترا نے "فضائی سفر" کا یہ منفرد منصوبہ شروع کیا، جس کے تحت ضلع بھر کے منتخب طلبہ کے درمیان مقابلے منعقد کیے گئے اور کامیاب طلبہ کو بنگلور کے تعلیمی دورے کے لیے منتخب کیا گیا۔
سید تہمیل نے اپنی مسلسل محنت اور ذہانت کے ذریعے اس انتخاب کے معیار کو پورا کیا، اور ایک عام گھرانے سے تعلق رکھنے والے ضلع پریشد اسکول کے طالب علم کا فضائی سفر کے لیے منتخب ہونا پورے گاؤں کے لیے باعث فخر بن گیا ہے۔ یہ کامیابی ضلع پریشد اسکولوں کے معیار کی عکاسی کرتی ہے اور دیگر طلبہ کے لیے ایک مثال ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس اسکول میں تقریباً 80 طلبہ زیر تعلیم ہیں اور صرف دو اساتذہ اور ایک شکشا سیوک کے ذریعے تعلیمی نظام چلایا جاتا ہے، مگر محدود وسائل کے باوجود محمد رضوان عبدالعزیز سوداگر سر اور شکشا سیوک زیبہ خانم سناؤ اللہ خان پٹھان کی محنت اور رہنمائی کی بدولت اسکول نے ضلع سطح پر اپنی شناخت قائم کی ہے۔ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے مختلف تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں ایسے باوقار مواقع حاصل ہو رہے ہیں۔ یہ معلومات اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے صدر سید درانی سید سعید نے فراہم کی۔
Comments
Post a Comment