حسن اختر کے ہاتھوں الجزیرہ اردو ڈیلی کے سالگرہ ایڈیشن کا افتتاح۔
اورنگ آباد : (راست) الجزیرہ اردو ڈیلی اورنگ آباد کے 22ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مہاراشٹر اردو اکیڈمی کے چیئرمین حسن اختر نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے سالگرہ ایڈیشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر حسن اختر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر اخبار کے بانی و مدیر ایڈوکیٹ نواب پٹیل، پہلے مدیر ایڈوکیٹ ذاکی نواب شیخ، ابرار احمد، محمد ماسٹر، عریب صدیقی اور ماسٹر اورنگزیب سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ یہ تقریب الجزیرہ اردو ڈیلی کے دفتر میں منعقد ہوئی جہاں صحافتی خدمات کو سراہا گیا۔
اپنے خطاب میں چیئرمین حسن اختر نے الجزیرہ اردو ڈیلی کی صحافتی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اردو صحافت سماج کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور ایسے ادارے معاشرے کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے ادارے کی مزید ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر بانی مدیر ایڈوکیٹ نواب پٹیل نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الجزیرہ اردو ڈیلی گزشتہ 22 برسوں سے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور حقائق پر مبنی صحافت کے لیے کوشاں ہے اور آئندہ بھی یہی مشن جاری رکھا جائے گا۔
تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور تمام شرکاء نے اخبار کی کامیابی کے لیے دعائیں کیں۔
Comments
Post a Comment