دیور کنڈہ کی متاثرہ بچی کو مکمل انصاف دلایاجائے،خاطیوں کو کڑی سزا دی جائے، مولانا سید شاہ احسان الدین قاسمی کا مطالبہ۔
حیدرآباد 27/ مارچ(نمائندہ) ریاستِ تلنگانہ جمعیت علماء کے صدر حضرت مولانا سید شاہ احسان الدین قاسمی نے ونپرتی ضلع کے دیور کنڈہ میں پیش آئے نہایت افسوسناک واقعہ، جس میں ایک معصوم کمسن بچی کے ساتھ عصمت دری کے بعد قتل کی کوشش کی گئی، پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہےانہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اس طرح کے لرزہ خیز واقعات نہ صرف قانون و نظم کے لیے سنگین چیلنج ہیں بلکہ پورے معاشرے کے اخلاقی زوال کی عکاسی کرتے ہیں۔ اخباری اطلاعات کے مطابق اس واقعہ کے خلاف عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، مختلف سیاسی و سماجی قائدین کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور متاثرہ بچی کے لیے انصاف کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے مولانا نے پولیس کی جانب سے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمین کی گرفتاری کو قابلِ ستائش قرار دیا، تاہم انہوں نے کہا کہ ایسے درندہ صفت مجرموں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی ناگزیر ہے تاکہ معاشرے میں عبرت قائم ہو انہوں نے حکومتِ تلنگانہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس مقدمہ کو فاسٹ ٹریک عدالت میں چلایا جائے، شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے اور متاثرہ بچی کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔
آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے جرائم کے خلاف قانونی دائرہ میں رہتے ہوئے متحد ہو کر آواز بلند کریں اور ایک پرامن، محفوظ اور باوقار معاشرے کے قیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔۔۔
Comments
Post a Comment