پونے مہانگر پالیکا کی اردو ہائی اسکول اور جونیئر کالج ، بوپوڈی میں ماحولیاتی بیداری پروگرام کا کامیاب انعقاد۔
پونہ (راست) بتاریخ 02/03/2026 پونے مہانگر پالیکا کی اردو ہائی اسکول اور جونیئر کالج ، بوپوڈی میں جماعت یازدہم کے طلبہ کے لیے صفائی، صحت اور ماحولیاتی بیداری سے متعلق ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام شیلٹر ایسوسی ایٹس، PARMM پروجیکٹ اور PAPP ٹیم (Pollution Abatement of River Mula-Mutha) کے تحت منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں شیلٹر ایسوسی ایٹس اور PARMM پروجیکٹ کے نمائندگان ، مورے دادا، شریش، پریا، راج شری، سبودھنی تائی اور نیلیما تائی ، نے PARMM پروجیکٹ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ طلبہ کو اس منصوبے کے متعلق جامع رہنمائی بھی دی گئی۔
پروگرام کے دوران طلبہ کو مُولا–مُٹھا دریا سے متعارف کرایا گیا اور اس بات پر تفصیلی گفتگو کی گئی کہ دریا کس طرح آلودہ ہوا۔ بعد ازاں کچرے کے مؤثر انتظام کے بارے میں رہنمائی فراہم کی گئی۔ کچرے کی اقسام کی وضاحت کرتے ہوئے گیلا کچرا، خشک کچرا، گھریلو مضر کچرا اور سینیٹری کچرا کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئیں۔ طلبہ کو مختلف اقسام کے کچرے کی شناخت کرنے کے لیے کہا گیا اور اس موضوع پر ایک مفید اور دلچسپ کھیل بھی منعقد کیا گیا۔ اس بیداری پروگرام کے ذریعے طلبہ کو کچرے کی درست درجہ بندی سمجھنے میں کافی مدد ملی۔
کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ اس کے ساتھ ہی PMC Care ایپ کے بارے میں مکمل رہنمائی دی گئی اور اسے استعمال کرنے کا طریقہ بھی سمجھایا گیا۔
اسی کے ساتھ ماہواری کے کپ (Menstrual Cup) کے بارے میں مختصر معلومات دی گئیں اور اس کے فوائد اور نقصانات واضح کیے گئے۔ سینیٹری پیڈ کے کچرے کو کم کرنے کے لیے ماہواری کا کپ ایک ماحول دوست متبادل کیسے ثابت ہو سکتا ہے، اس بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی گئی۔
مزید برآں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئیں۔ بوپوڈی میں واقع 18 ملین لیٹر صلاحیت کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے کام کرنے کے طریقۂ کار کو سمجھنے کے لیے طلبہ کو وہاں عملی دورہ بھی کرایا گیا۔ اس طرح ماحولیاتی بیداری پروگرام کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔
Comments
Post a Comment