ہمیں انصاف کی عیدی دی جائے - جَلگاؤں عیدگاہ میدان میں ایکتا سنگھٹنا کا پولیس انتظامیہ سے مطالبہ.
جلگاؤں؛ (عقیل خان بیاولی) عیدالفطر کے پُرمسرت اور روح پرور موقع پر جہاں پورا شہر خوشیوں بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کے رنگ میں رنگا ہوا تھا، وہیں جلگاؤں ضلع ایکتا سنگھٹنا نے عیدگاہ میدان میں موجود پولیس انتظامیہ کے روبرو “ہمیں انصاف کی عیدی دی جائے” کا مؤثر اور بامعنی مطالبہ پیش کرتے ہوئے مختلف زیرِ التوا معاملات میں فوری، غیر جانبدار اور شفاف کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔
عید کی مبارکباد پیش کرنے کے لیے عیدگاہ میدان پہنچنے والے پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مہیشور ریڈی، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ اشوک نخاتے اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر نتین گنگاونے کا تنظیم کے ذمہ داران نے شال پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مبارکباد کے تبادلے کے فوراً بعد تنظیم کی جانب سے انصاف سے متعلق اہم مسائل نہایت سنجیدگی اور وقار کے ساتھ انتظامیہ کے سامنے رکھے گئے۔
سنگین معاملات پر تشویش کا اظہار
ایکتا سنگھٹنا نے اپنے تفصیلی بیان میں کہا کہ تامباپورہ علاقے میں نابالغ لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے مقدمہ (گناہ نمبر 102/26) میں متاثرہ کی جانب سے عدالت میں دیے گئے بیان میں واضح طور پر نامزد افراد کے خلاف اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، جو کہ نہایت تشویشناک امر ہے۔
اسی طرح گناہ نمبر 161/26 اور 163/26 کے تحت ماسٹر کالونی کے قریشی محلہ میں پیش آئے واقعہ کے سلسلے میں تنظیم نے الزام عائد کیا کہ ایک فریق کے خلاف تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا، جبکہ دوسرے فریق سے تعلق رکھنے والے بعض مسلم نوجوانوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں رکھا گیا ہے۔ اس طرزِ عمل پر تنظیم نے پولیس کی غیر جانبداری پر سوال اٹھایا ہے۔
عیدگاہ میدان میں ہی محضر پیش کر کے ان تمام امور پر مشتمل ایک جامع محضر پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مہیشور ریڈی کو عیدگاہ میدان میں ہی پیش کی گئی۔ اس پر فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے متعلقہ پولیس انسپکٹر کو ضروری تحقیقات اور مناسب کارروائی کی ہدایت دی اور تنظیم کو یقین دلایا کہ انصاف کے تقاضوں کے مطابق قدم اٹھائے جائیں گے۔ انصاف نہ ملا تو احتجاج کی وارننگ, تنظیم کے ذمہ داران نے واضح کیا کہ اگر تمام معاملات میں مساوات اور شفافیت کے ساتھ کارروائی نہیں کی گئی تو ضلع بھر میں سخت احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، نیز ضرورت پڑنے پر ہائی کورٹ اور انسانی حقوق کمیشن سے بھی رجوع کیا جائے گا۔
تنظیم کی جانب سے اس موقع پر یہ پیغام بھی دیا گیا کہ
“عید صرف خوشیوں کا دن نہیں بلکہ انصاف اور برابری کی علامت بھی ہے؛ اگر مظلوم کو انصاف نہ ملے تو عید کی خوشیاں ادھوری رہ جاتی ہیں۔"
اس موقع پر فاروق شیخ، عارف دیشمکھ، طاہر شیخ، انیس شاہ، نجم الدین شیخ، سمیر شیخ، وسیم ریاض، توصیف شیخ، ارباز شیخ، وسیم چاند ، ارباز خان سمیت دیگر معزز اراکین موجود تھے۔
Comments
Post a Comment