تیر کی پی ایم شری ضلع پریشد اردو اسکول نے کیا کامیاب تعلیمی سیر کا انعقاد۔
تیر کی پی ایم شری ضلع پریشد اردو اسکول نے کیا کامیاب تعلیمی سیر کا انعقاد۔
عثمان (راست) تیر ضلع عثمان آباد میں واقع پی ایم شری ضلع پریشد اردو اسکول کی تعلیمی سیر کولہاپور کے دورے کے ساتھ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی پی ایم شری اسکیم کے تحت 40 طلبہ کے لیے اس سیر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تمام ضروری اجازتیں حاصل کرنے کے بعد، ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایس ٹی بس کے ذریعے 24 مارچ 2026 کو رات 10:00 بجے تیر سے روانگی ہوئی۔
یہ قافلہ عثمان آباد اور سولاپور کے راستے صبح 5:00 بجے کولہاپور پہنچا، جہاں چھترپتی شاہو مہاراج کے قائم کردہ مسلم بورڈنگ میں قیام کیا گیا۔تھوڑی دیر آرام اور ناشتے کے بعد صبح 9:00 بجے طلبہ کو کنری مٹھ میں واقع سدھگیری گارڈن، مایا محل، تارامنڈل اور دیہی بلوتیداری لین دین کے نظام کی خوبصورت نمائشیں دکھائی گئیں۔ نظام فلکیات اور اجسام فلکیات کی جانکاری لیتے ہوئے تارا منڈل کی صورت میں طلبہ نے کہکشاں سے متعلق جغرافیائی وسائنسی معلومات حاصل کی ۔ اسی طرح ائینوں میں بننے والے مختلف عکس اور ان کی سائنسی ہیت پر مبنی مایا محل میں طلبہ نے اپنے ہی شبیہ کے مختلف رکوع کی پر لطف طریقوں پر خود نمائی کی ۔ یہاں طلبہ نے قدیم ثقافت کا عملی مشاہدہ کیا اور خوب لطف اٹھایا۔
دوپہر 2:00 بجے شہر کی طرف روانگی ہوئی، جہاں طلبہ کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا اور انہوں نے چکن بریانی سے لطف اٹھایا۔ اس کے بعد دوپہر 3:00 بجے چھترپتی شاہو مہاراج پیلس، شالینی پیلس اور عجائب گھر کی سیر کرائی گئی۔ عجائب گھر میں طلبہ نے قدیم ہتھیار، روزمرہ استعمال کی اشیاء، جانوروں اور پرندوں کے نمونے، زیورات اور جنگی ملبوسات وغیرہ دیکھے، جس سے انہیں تاریخی طرزِ زندگی اور بادشاہوں کے رہن سہن کا اندازہ ہوا۔
چھترپتی شاہو مہاراج کے محل میں موجود دربار ہال کی شان و شوکت دیکھ کر طلبہ بہت متاثر ہوئے۔ اس طرح کولہاپور کی یہ تعلیمی سیر مکمل کرتے ہوئے شام 5:00 بجے واپسی کا سفر شروع کیا گیا۔ راستے میں طلبہ نے کولہاپوری بھڈنگ چیوڑا اور چائے کا بھی مزا لیا۔
یہ خوشگوار سفر رات 11:00 بجے بحفاظت تیر واپسی پر اختتام پذیر ہوا۔ اس سیر کی کامیابی کے لیے اسکول کے صدر مدرس جناب شاہ طیب علی سر نے بہترین منصوبہ بندی کی، جبکہ توفیق العالم پھلمامڈی سر، خطیب ممتاز میڈم، شیخ شبانہ میڈم اور ڈاکٹر شیخ مولاسر نے بھرپور تعاون کیا۔ ایس ٹی کارپوریشن کے ڈرائیور جناب سرودے صاحب (اپلا) نے طلبہ کو بحفاظت لے جانے اور واپس لانے میں اہم کردار ادا کیا، جس پر اسکول کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔
اس طرح اسکول کی یہ تعلیمی سیر کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
Comments
Post a Comment