مہاراشٹر اسٹیٹ اُردو ساہتیہ اکادمی کی جانب سے ریسرچ اسکالر شیخ اظہر بشیر کی کتاب مالی اعانت کیلئے منتخب۔
اورنگ آباد: ۱۸ مارچ ( نامہ نگار) مہاراشٹر اسٹیٹ اُردو ساہتیہ اکادمی نے اُردو زبان و ادب کی مختلف اصناف میں تخلیقی خدمات انجام دینے والے قلم کاروں کی حوصلہ افزائی کے پیش نظر ان کی کتابوں کی اشاعت کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اکادمی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق کیلنڈر سال 24-2023 کے دوران اکادمی کو موصول ہونے والے مسودات کی ماہرین ادب کے ذریعے جانچ و پڑتال کے بعد مختلف ادبی زمروں میں متعدد مسودات کو مالی اعانت کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ منتخبہ مسودوں میں تحقیق اور تنقید کے زمرے میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈ کر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالر شیخ اظہر بشیر کے کتابی مسودے نور الحسنین کی ڈرامہ نگاری کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ اسکار اظہر کی کتاب بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ شیخ اظہر بشیر گذشتہ کئی سالوں سے اُردو کی بے لوث خدمت انجام دے رہے ہیں۔ وہ اس سے قبل تحقیق و تنقید کے شعبے میں اپنے قلم کا جادو جگاتے ہوئے ایم فل کا مقالہ بھی مکمل کر چکے ہیں اور تحقیق و تنقید کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے اب پی ایچ ڈی کے تحقیقی کام میں مصروف ہیں۔ عیاں رہے کہ شیخ اظہر بشیر بہترین خطاط بھی ہیں اور اُردو خوشنویسی کے شعبے میں برسوں سے بے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے کئی طلبہ کو اُردو خوشنویسی کے فن سے آراستہ کیا ہے۔ اُردو کی تئیں ان کی بے لوث خدمات اور تحقیق و تنقید کے زمرے میں ان کی مسلسل جد و جہد اور لگن کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر اسٹیٹ اُردو ساہتیہ اکادمی کے ذمہ داران نے ان کی ادبی کاوش نور الحسنین کی ڈرامہ نگاری کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ کو شرف قبولیت بخشتے ہوئے اشاعت کیلئے مالی امداد دینے کیلئے منتخب کیا ہے۔ شیخ اظہر بشیر کے مسودے کو مالی اعانت کیلئے منتخب کیے جانے پر اُردو اور ادبی حلقوں کی جانب سے ان کا استقبال کیا جا رہا ہے۔
Comments
Post a Comment