عالمی یومِ خواتین کے موقع پر غلام محمد مومن ویمنز کالج وائی سی ایم او یو اسٹڈی سینٹر میں شاندار تقریب کا انعقاد۔
عالمی یومِ خواتین کے موقع پر غلام محمد مومن ویمنز کالج وائی سی ایم او یو اسٹڈی سینٹر میں شاندار تقریب کا انعقاد۔
بھیونڈی: بروز اتوار، بتاریخ 8 مارچ 2026 کو عالمی یومِ خواتین کے موقع پر غلام محمد مومن ویمنز کالج کے وائی سی ایم او یو (YCMOU) اسٹڈی سینٹر کے زیرِ اہتمام رئیس ہائی اسکول کے اردو بسیرا ہال میں خواتین کے اعزاز میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس تقریب کی صدارت جی ایم مومن ویمنز کالج کی چیئرپرسن محترمہ صہبا شغف پٹھان نے فرمائی۔ مہمانِ خصوصی کے طور پر محترمہ حسنہ انصاری (پرنسپل، انصاری صافیہ گرلز ہائی اسکول) شریک ہوئیں، جبکہ مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے محترمہ شازیہ پروین (سابق طالبہ YCMOU اور کونسلر، آئی جی ایم ہاسپٹل، ایچ آئی وی ڈپارٹمنٹ) نے بھی شرکت کی۔مہمانان کے طوا پر کے ایم ای سوسائٹی کے نائب صدر ایڈوکیٹ یاسین مومن، رئیس ہائی اسکول کے چیئرمین یاسر تاتلی، پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری، محترمہ صفا آغا، محترمہ ناظمہ شیخ کے علاوہ اسٹڈی سینٹر کے اساتذہ صوفیہ مومن، ذاکر حسین خان،ڈاکٹر قطب الدین شاہد،ڈاکٹر ابو سعد اعجاز، ظفر عالم خان اورسید اعجاز ہاشمی سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
پروگرام کا آغاز بی اے سالِ سوم کی طالبہ انصاری عفیفہ کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد وائی سی ایم او یو اسٹڈی سینٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالعزیز انصاری نے مہمانانِ گرامی کا مختصر اور جامع تعارف پیش کیا۔ ابتدائی کلمات پیش کرتے ہوئے پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری نے کہا کہ "ایک خاتون چاہے ماں ہو، بہن ہو یا بیٹی، ہر حیثیت میں عزت و احترام کی مستحق ہے۔ عالمی یومِ خواتین دراصل ہمارے لیے یومِ احتساب ہے کہ ہم اپنے معاشرے میں خواتین کو کس قدر عزت اور مقام دیتے ہیں۔ کسی بھی فرد کی شخصیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ خواتین کو کس نگاہ سے دیکھتا ہے۔"
محترمہ صہبا شغف پٹھان صاحبہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ " آج کا دن یقیناً خواتین کے حقوق کی بازیابی کے حوالے سے بہت اہم ہے مگر اس بات سے انکار ممکن نہیں ہے کہ خواتین کی ترقی اور اس کو باوقار بنانے میں مرد کا کلیدی کردار رہا ہے۔وہ مردہی کی ذات ہے کہ جو ہمیشہ عورت کی پشت پر طاقت اور سہارے کے طور پر موجود رہتی ہے۔ جس کی وجہ سے ایک خاتون کو بااختیار بننے اور آگے بڑھنے میں مدد ملتی ہے۔"
مہمانِ خصوصی محترمہ حسنہ انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ" اگر مرد انسانیت کے ایک حصے کی نمائندگی کرتا ہے تو عورت دوسرے حصے کی نمائندگی کرتی ہے۔ اگر ایک حصے کے ساتھ ناانصافی کی جائے یا اسے دبایا جائے تو معاشرہ ترقی یافتہ اور مہذب نہیں بن سکتا۔"
اس موقع پر ایڈوکیٹ یاسین مومن،چیئرمین یاسر تاتلی، ڈاکٹر قطب الدین شاہد اور خان ذاکر حسین صاحبان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کے حقوق، ان کے اختیارات اور عالمی یوم خواتین کی تاریخی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انسانی معاشرے میں خواتین کے مؤثر کردار سے انکار ممکن نہیں۔
پروگرام میں اسٹڈی سینٹر کی طالبات نے بھی بھرپور حصہ لیا جس میں انصاری ثانیہ، ندا شکیل انصاری اور انصاری ام ماریہ نے نظم، تقاریر اور تاثرات پیش کیے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔
پروگرام کی نظامت طالبہ خان سندس نے نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دی۔
صوفیہ مومن نے رسمِ شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام مہمانان، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ راشٹر گان پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
Comments
Post a Comment