عید الفطر مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کے انعام کا دن، جدید عید گاہ ظہیر آباد میں نماز عید سے قبل مولانا عتیق احمد قاسمی کا خطاب، ہزاروں فرزندانِ توحید کی شرکت۔


ظہیرآباد 22/مارچ(نمائندہ)عالمِ اسلام بالخصوص اہلِ ایمان کے لیے عیدالفطر خوشی، شکر اور مسرت اور اللہ تعالیٰ سے انعام حاصل کرنے کا دن ہے۔ یہ خوشی محض رسم کی ادائیگی نہیں بلکہ ایک ماہ کی عبادت، مجاہدہ اور اطاعتِ الٰہی کی تکمیل پر اللہ تعالیٰ کے حضور شکر بجا لانے کا موقع ہے. ان خیالات کا اظہار حضرت مولانا محمد عتیق احمد قاسمی خطیب مسجد الہی نے آج جدید عید گاہ ظہیرآباد میں نمازِ عید سے پہلے قبل خطاب کرتے ہوئے کیا. انہوں نے مزید کہا کہ عیدگاہ میں کی جانے والی گفتگو محض رسمی نہیں ہوتی بلکہ قرآن و حدیث کی روشنی میں زندگی گزارنے کا لائحۂ عمل پیش کرتی ہے۔ انہوں نے دوٹوک کہا کہ اسلام ایک کامل اور متوازن دین ہے۔ عام طور پر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ دین میں صرف پابندیاں، سختیاں اور ممانعتیں ہیں، مگرحقیقت اس کے برعکس ہے۔ اسلام ایسا دین ہے جو انسان کی نفسیات، طاقت اور مجبوریوں کو پیشِ نظر رکھ کر احکام دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دین میں کوئی ایسا حکم نہیں رکھا جو انسان کے لیے ناقابلِ برداشت ہو۔ یہی وجہ ہے کہ رسولِ اکرم ﷺ نے نہایت اختصار کے ساتھ فرمایا کہ دین آسان ہے۔ انہوں نے واضح کہا کہ رمضان المبارک اسی آسان مگر بامقصد دین کی عملی تربیت کا مہینہ ہے۔ روزے کے ذریعے انسان کو یہ سکھایا جاتا ہے کہ وہ اپنی خواہشات، آرام اور طبیعت کے تقاضوں پر اللہ کے حکم کو ترجیح دے تو کامیاب ہوتا ہے۔ ایک پورے مہینے حلال کھانے، پینے اور دیگر جائز خواہشات سے رک کر مسلمان یہ ثابت کرتا ہے کہ اگر وہ چاہے تو اللہ کے حکم کی خاطر ہر قسم کی قربانی دے سکتا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ جب رمضان میں حلال چیزوں سے رکنا ممکن ہے تو سال کے باقی گیارہ مہینے حرام کاموں سے بچنا کیوں کر ناممکن ہوسکتا ہے. انہوں نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھ لینا بہت ضروری ہے کہ رمضان ختم ہوا ہے، رحمان ختم نہیں ہوا۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ زندہ ہے اور اس کے احکام بھی ہمیشہ کے لیے ہیں۔ عبادت، تقویٰ، حلال و حرام کی تمیز اور اطاعتِ الٰہی کسی ایک موسم یا مہینے کے ساتھ مخصوص نہیں بلکہ یہ زندگی کے آخری لمحے تک مطلوب ہے۔ مولانا نے تلقین کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کا ایک عظیم پیغام قرآنِ کریم سے گہرا تعلق ہے۔ اس مہینے میں مساجد اور گھروں میں قرآن کی تلاوت کا جو ماحول بنتا ہے، وہ اس بات کا اعلان ہوتا ہے کہ قرآن کے بغیر ہماری زندگی ادھوری ہے۔ افسوس کہ رمضان کے بعد قرآن کو پھر طاقچوں کی زینت بنا دیا جاتا ہے۔حالانکہ امتِ مسلمہ کی عزت، سربلندی اور بقا قرآن کے ساتھ وابستگی میں ہے۔ قرآن محض تلاوت کی کتاب نہیں بلکہ مکمل دستورِ حیات ہے، جس پر عمل ہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔
رمضان ہمیں مواسات، ہمدردی اور غم خواری کا درس بھی دیتا ہے۔ بھوک اور پیاس کے ذریعے انسان غریب، مجبور اور نادار افراد کے احساسات کو سمجھتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت صدقۂ فطر کا حکم دیا گیا تاکہ عید کی خوشیوں میں کوئی محروم نہ رہ جائے۔ اگر معاشرے میں غربت، بھوک اور بے بسی کو نظر انداز کیا جائے تو یہ اجتماعی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔خصوصی طور پر نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے یہ کہنا ضروری ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔ اگر نوجوان بیدار، باکردار اور بااخلاق ہوں تو قوم کو کسی سہارے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ آرام طلبی، غفلت اور بے عملی کو چھوڑ کر تعلیم، کردار اور سماجی ذمہ داری کو اپنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح قرآن کے واضح احکام کے باوجود وراثت جیسے حساس معاملے میں ناانصافیاں عام ہیں۔ بہنوں اور دیگر حق داروں کا حق مارنا کھلا حرام ہے۔ دین داری، نماز اور عبادت کے دعوے اس وقت بے معنی ہو جاتے ہیں جب ہم اللہ کے مقرر کردہ حقوق پامال کریں۔آخر میں یہی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان کے اصل پیغام کو سمجھنے، اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے اور عید کے بعد بھی تقویٰ، قرآن اور خدمتِ خلق کے راستے پر قائم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ بعد ازاں قاضی سید ضیاء الدین صاحب نے نماز عید الفطر کی امامت کی اور رقت انگیز دعا کی. محمد عبد الماجد صدر عید گاہ کمیٹی نے مجلس بلدیہ، محکمہ پولیس کا شکریہ ادا کیا اور مسلمانان ظہیر آباد آباد کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی. اس موقع پر ظہیر آباد کے تمام سیاسی جماعتوں سے منتخبہ کونسلرس، سرکردہ سیاسی قائدین، میونسپل چیئرپرسن محمد یونس، سابق چیئرمین محمد خواجہ میاں، محمد عظمت پاشاہ کے علاوہ، صحافیوں، اور سماجی قائدین کے علاوہ برادران اسلام کی کثیر تعداد موجود تھی۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ