ادارہ ادب اسلامی ہند بیجا پور کے زیر اہتمام عید ملن مشاعرہ۔
بیجاپور (راست) ادارہ ادب اسلامی ہند بیجا پور کے زیر اہتمام جناب محمود انعام دار محمود ؔ کی صدارت میں بروز بدھ( چہارشنبہ )، 25 مارچ 2026ء کو شاندار عید ملن مشاعرہ منعقد کیا گیا۔ جناب شبیر احمد پتلی اور جناب امیش کولگی بحثیت مہمانان خصوصی شریک رہے۔۔
مشاعرہ کا آغاز حافظ یاسین منتظرؔ کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ ڈاکٹر امیر افضل نے حمد اور جناب ایوب عرب نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کر کے محفل کو روحانیت سے معطر کر دیا۔ جناب آصف بالسنگ نے مہمانانِ کرام کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارہ ادب اسلامی ہند ایک بامقصد اور فکری ادارہ ہے جو تعمیری ادب کے ذریعے مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی، اخلاق، بھائی چارہ اور اسلامی فکر و اقدار ، تعمیری ادب کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی جناب امیش کولگی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مشاعرے ہماری اخوت، بھائی چارے اور رواداری کی پہچان ہیں۔ جبکہ الحاج شبیر احمد نے ادارہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ گزشتہ کئی برسوں سے شعر و ادب کے ذریعے اردو زبان کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔
مشاعرہ کے صدر جناب محمود انعام احمد نے اپنے صدارتی خطاب میں مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ نہ صرف اردو زبان کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے بلکہ عوام کو جوڑنے، قومی اتحاد اور ملی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں بھی اہم خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ نئے شعراء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں شعری فن سے روشناس کرا رہا ہے اور بہتر انداز میں کلام پیش کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔
مشاعرہ میں جن شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ان میں محمود انعام دار محمود ؔ، مؤمنؔ بیجا پوری، مجیب احمد مجیب ؔ، قمر مرتضیٰ، عبدالقدیر ساحل، عمؔر بیجا پوری، یاسین منتظر ؔ، عاقب رضؔا ،ڈاکٹر امیر افضل ؔ، اقبال خادمؔ، عبداللہ راشد ذبیح ؔ، ، امیر حمزہ راز اور صاحب لال نداف شامل تھے، جنہوں نے اپنے بہترین کلام سے سامعین کو خوب محظوظ کیا۔
آخر میں جناب سیف اوٹی نے رسمِ شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام مہمانوں، شعراء اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں ادب نواز حضرات نے شرکت کی اور محفل سے بھرپور استفادہ حاصل کیا۔
Comments
Post a Comment