ڈاکٹر طاہر شیخ کو خراجِ عقیدت، تعزیتی نشست کا انعقاد۔
جلگاؤں:( عقیل خان بیاولی) اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے روحِ رواں ڈاکٹر طاہر شیخ 11 مارچ 2026 کو اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اقراء ایجوکیشن سوسائٹی اور اقراء ڈاکٹر شاہین قاضی پرائمری اسکول کی جانب سے تعزیتی نشستیں منعقد کی گئی نشست میں سوسائٹی کے صدر و اراکین کے علاوہ تمام شعبہ جات کے سربراہان اور اساتذۂ کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے مرحوم ڈاکٹر طاہر شیخ کی تعلیمی، سماجی اور ملی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک مخلص، ایماندار نرم گفتار اور شریف النفس انسان تھے۔ انہوں نے ہمیشہ اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کی ہمہ جہت ترقی اور فروغ کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ بالخصوص بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر الحاج عبدالکریم سالار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر شیخ نے مشکل حالات میں بھی حوصلے اور ثابت قدمی کے ساتھ تعلیمی مشن کو آگے بڑھایا اور معاشرے میں تعلیم کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے منیار برادری کی تعلیمی بیداری کے لیے بھی قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔ اس نشست میں اعجاز ملک، پروفیسر ایس ایم ظفر شیخ، عبدالرشید شیخ، الحاج عبدالمجید سیٹھ زکریا، عبدالعزیز سالار، غلام نبی دادا باغبان اور طارق انور کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے ہیڈ ماسٹرز اور اساتذہ کرام نے بھی مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔پروفیسر ڈاکٹر اختر شاہ کی دعا سے نشست کا اختتام عمل میں آیا۔ اسی طرح ڈاکٹر شاہین قاضی پرائمری اسکول میں بھیصدر مدرس قاضی اختر الدین کی سربراہی میں نشست منقعد ہوئی جس میں صدر مدرس ،ایوب شیخ، خورشید علی،سید ذوالفقار حسن وغیرہ نے مرحوم کی تعلیمی سماجی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے دعائیہ کلمات ادا کیے اس موقع پر طلباء کے ساتھ ساتھ جملہ تدریسی و غیر تدریسی عملہ نے شرکت کی ۔الحاج ساجد خان پٹھان کی دعاؤں سے نشست کا اختتام ہوا ۔
Comments
Post a Comment