وزیر رحیم خان کی کلبُرگی میں باوقار دعوتِ افطار میں شرکت۔
بیدر 15 مارچ (نامہ نگار) ماہِ مقدس رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر کلبُرگی میں ایک باوقار دعوتِ افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و حج جناب الحاج محمد رحیم خان نے شرکت کی۔ اس پروقار تقریب کی میزبانی کرناٹک اسٹیٹ بورڈ آف وقف کے چیئرمین جناب سید شاہ علی حسینی صاحب سجادہ نشین درگاہ حضرت سید نا خواجہ بندہ نواز رحمتہ اللہ علیہ نے کی۔
دعوتِ افطار میں شہر کے معززین، علمائے کرام، سماجی و مذہبی قائدین، عوامی نمائندوں اور سرکاری عہدیداران کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر رمضان المبارک کی روحانی فضا میں بھائی چارہ، یکجہتی اور باہمی محبت کا حسین منظر دیکھنے کو ملا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیرجناب محمد رحیم خان نے کہا کہ رمضان المبارک صبر، ہمدردی اور سخاوت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اجتماعات معاشرے میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دیتے ہیں اور مختلف طبقات کے درمیان باہمی احترام اور ہم آہنگی کو مضبوط بناتے ہیں۔
میزبان سید شاہ علی حسینی نے تمام معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سماجی اور مذہبی اداروں کا یہ اہم فریضہ ہے کہ وہ معاشرے میں امن، بھائی چارہ اور باہمی تعاون کو فروغ دیں۔
تقریب کے اختتام پر ریاست کرناٹک میں امن و امان، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جس سے رمضان المبارک کی اصل روح یعنی اتحاد و اتفاق کی جھلک نمایاں ہوئی۔
Comments
Post a Comment