انسان کی حقیقت اور بدلتا رویہ۔
انسان کی حقیقت اور بدلتا رویہ۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو ایک بہترین تخلیق کے طور پر پیدا کیا ہے۔ انسان اگر چاہے تو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر دنیا اور آخرت دونوں جیت سکتا ہے، لیکن اس کی بے لگام خواہشات اور نفس کی پیروی اسے بربادی کی طرف لے جاتی ہے۔
انسان فطری طور پر ہر چیز پر قابو پانا چاہتا ہے۔ اس کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے ارادوں اور کاموں کے چرچے پوری دنیا میں ہوں، وہ ایک عظیم طاقت کا مالک بنے اور سب لوگ اس کا حکم مانیں۔ یہ نہ ختم ہونے والی خواہشات دراصل ایک شیطانی جال ہیں، جن کی پیروی انسان کو گمراہ کر دیتی ہے۔
اس کے برعکس، اسلام ایک ایسا بہترین مذہب ہے جو سچائی پر مبنی ہے اور انسان کو بنیادی طور پر اچھائی اور برائی کی تمیز سکھاتا ہے، اور اسے اللہ تعالیٰ کے قریب کرتا ہے۔ کائنات میں اصل طاقت صرف اللہ تعالیٰ کی ہے۔ شیطان نے اللہ کے حکم کی نافرمانی کی اور اب وہ انسان کو برے کاموں کے ذریعے گمراہ کر کے اپنی پیروی کروانا چاہتا ہے۔ وہ کبھی اچھائی کا ساتھ نہیں دیتا۔
قرآن پاک ایک ایسی عظیم اور عبرت والی کتاب ہے جو آسمان سے نازل ہوئی ہے۔ اس کا مقصد انسان کو ایمان والا بنانا، سچائی اور صراطِ مستقیم پر چلانا ہے۔ یہ کتاب ہمیں حق و باطل، اور صحیح و غلط کا فرق سمجھاتی ہے، اور زندگی گزارنے کا درست طریقہ سکھاتی ہے۔ یہ دنیا فانی ہے، اور یہاں کے اعمال ہی ہماری آخرت کی زندگی کا فیصلہ کریں گے۔
آج کا ماحول بد اخلاقی، بدتمیزی، چوری، چغلی، قتل و غارت، زنا، شراب نوشی اور مالی بدعنوانی جیسی برائیوں کی طرف بھاگ رہا ہے۔ روز بروز ایسے نئے واقعات سامنے آتے ہیں، اور میڈیا و ٹیلیویژن لوگوں کے دماغوں کو اس قدر منتشر کر دیتے ہیں کہ وہ معمولی فائدے کی خاطر برے کام کر گزرتے ہیں۔ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ آج کے نوجوان ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود صحیح اور غلط کی تحقیق نہیں کرتے۔
میری گزارش ہے کہ ہم ان تمام چیزوں سے دور رہیں جو ہمیں برائی میں ملوث کرتی ہیں۔ جب ہم حلال و حرام کی تمیز کیے بغیر، محنت کا پسینہ بہائے بغیر پیسہ کمانا چاہیں گے، تو زندگی میں برکت، اللہ کی رحمت، سکون اور بیماریوں سے نجات کیسے ممکن ہے؟
آپ کی سوچ، آپ کی نیت اور آپ کے اعمال ہی آپ کی زندگی اور مستقبل کا راستہ طے کرتے ہیں۔ اچھا سلوک، اچھے اخلاق اور نیک اعمال ہی جنت کا راستہ دکھاتے ہیں۔ ہم "اشرف المخلوقات" ہیں۔ ہماری کامیابی صرف اس دنیا میں نہیں، بلکہ اصل کامیابی آخرت کی زندگی ہے جس کا گھر جنت ہے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں گناہوں اور برے کاموں سے محفوظ رکھے، کامل ایمان کی روشنی میں حق پر چلنے اور بہترین عمل کرنے والا بنا دے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین۔ 🤲
بن گیا ہے اب سفینہ، رخ بدل طوفان کا
مانگ لے رب سے دعا، مہینہ ہے رمضان کا
جو بھی منکر ہے یہاں، دشمن ہے وہ ایمان کا
مل کے اب غرقاب کریں، بیڑا ہم شیطان کا
ارادے ہوں وسیع اپنے، بلند اپنا ہو حوصلہ
کسی کی کیا مجال ہے، جو کرے ہم سے مقابلہ
شاعر منجانب : مرزاؔ جونیئر ، گلبرگہ شریف
Comments
Post a Comment