قائدِ امت آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر اورنگ آباد میں تعزیتی نشست کا انعقاد۔
اورنگ آباد رپورٹ: (خان افراء تسکین) حضرت آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے پس منظر میں شہر اورنگ آباد میں ایک مشترکہ تعزیتی نشست منعقد کی گئی، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، ائمہ مساجد، سماجی و ملی تنظیموں کے ذمہ داران اور شہر کی معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ تعزیتی اجتماع 5 مارچ 2026 بروز جمعرات بعد نمازِ ظہر دو بجے مسجدِ اولیاء، روضہ باغ، اورنگ آباد میں منعقد ہوا۔ اس نشست کا مقصد شہید رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرنا، ان کی دینی و فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ملتِ اسلامیہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے پیغام کو عام کرنا تھا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی دینی بصیرت، فکری رہنمائی اور عالمی سطح پر امتِ مسلمہ کے لیے انجام دی گئی خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کو اتحاد، اخوت اور باہمی ہم آہنگی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، اور یہی اتحاد ملت کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی طاقت فراہم کر سکتا ہے۔
اجتماع سے مولانا فردوس مہدی (خطیب و امامِ جمعہ، مسجد معصومین)، ڈاکٹر دلشاد زیدی (ذاکرِ اہلِ بیت) اور ڈاکٹر شاہد علی (صدر، پونے اسلامک اسکالر و ایجوکیشنِسٹ) نے خطاب کیا۔ اپنے تعزیتی خطاب میں ڈاکٹر دلشاد زیدی نے کہا کہ
“شہادتِ امام حسین علیہ السلام کے پیغام کو آج رہبرِ معظم آیت اللہ خامنہ ای نے عملی طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے، اور اس بات پر ہم سب متفق ہیں کہ ان کی جدوجہد امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔”
مقررین نے شہید قائد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ملتِ اسلامیہ کو اتحاد و اخوت کے جذبے کو مضبوط بنانا چاہیے اور باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مشترکہ مسائل کے حل کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔
یہ تعزیتی نشست مختلف ملی و سماجی تنظیموں کے اشتراک سے منعقد کی گئی، جن میں مسلم نمائندہ کونسل، جماعت اسلامی ہند، تنظیم ائمہ مساجد اورنگ آباد، انجمن ہند، خادم المعصومین، وحدت اسلامی ہند، بوہرا جماعت، تحفظ اوقاف فورم، مسلم عوامی کمیٹی، وحدت اسلامی اورنگ آباد، مائنڈز آن موشن فاؤنڈیشن، حضرت میثم سوشل اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن، بھارت مکتی مورچہ، باب العلم لائبریری اور شیعہ سنی یونٹی فورم سمیت دیگر تنظیمیں شامل تھیں۔
منتظمین کے مطابق اس تعزیتی نشست کا بنیادی مقصد شہید قائد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا اور اتحادِ امت کا عملی پیغام دینا تھا۔ اجتماع کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، عالمِ اسلام کے اتحاد اور مرحوم قائد کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
Comments
Post a Comment