اسلامی نظام زکواۃ سے معاشی توازن برقرار _ مستحق لوگوں کی مدد باعث اجر۔ایس ٹی یو ٹی ایس کی دعوت افطار _ افتخار الدین ،سدانندم گوڑ ،مجیب حسین ،ایم جگدیشور اور دوسروں کا خطاب۔


حیدرآباد :  12 مارچ ( پریس نوٹ) اساتذہ یونین تلنگانہ اسٹیٹ (STUTS) کی جانب سے شاہ فنکشن ہال، لکڑی کا پل، حیدرآباد میں دعوۃ الافطار کی ایک باوقار اور روح پرور تقریب کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس تقریب میں AISTF، STUTS، TGEJAC اور JACTO کے قائدین کے علاوہ ریاستی، ضلعی اور منڈل سطح کے عہدیداران، ہیڈ ماسٹرس، اساتذہ کرام اور میڈیا سے وابستہ معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز محمد نظیرالدین صاحب کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس سے محفل روحانیت سے معطر ہوگئی۔اس کے بعد جناب محمد صادق احمد صاحب نے تلگو زبان میں ماہِ رمضان المبارک کی فضیلت اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ مسلمانوں کے لیے عبادت، تقویٰ اور ایثار کا پیغام لے کر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزے رکھنے کے ساتھ ساتھ فطرہ اور زکوٰۃ ادا کرنا بھی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ سونا، چاندی، نقد رقم، بینک میں موجود رقم اور منافع کی نیت سے رکھی گئی اشیاء کی مجموعی مالیت کا ڈھائی فیصد (2.5 فیصد) بطور زکوٰۃ ادا کرنا فرض ہے۔ اسلام میں زکوٰۃ کا نظام دراصل ایک ایسا معاشی توازن پیدا کرتا ہے جس کے ذریعے دولت صرف چند ہاتھوں میں محدود نہ رہے بلکہ معاشرے کے غریب اور مستحق طبقات تک بھی پہنچے۔

اس موقع پر محمد افتخارالدین، جنرل سیکریٹری STUTS نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر، برداشت، انسانیت اور ایک دوسرے کے احترام کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افطار کی یہ محفل صرف روزہ افطار کرنے کی تقریب نہیں بلکہ دلوں کو جوڑنے اور معاشرے میں بھائی چارے، محبت اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا ایک خوبصورت ذریعہ بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ ٹیچرز یونین آزادی سے قبل قائم ہونے والی ایک تاریخی اور سیکولر تنظیم ہے جس کے بانی معروف انقلابی شاعر مخدوم محی الدین تھے۔ یہ یونین طلبہ، اسکولوں اور اساتذہ کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ اساتذہ کے درمیان اتحاد، باہمی احترام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے میں ہمیشہ سرگرم رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آج کے دور میں ہمیں سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والے مواد کے بجائے ایسے مثبت پیغامات کو فروغ دینا چاہیے جو معاشرے میں بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو مضبوط کریں۔

جناب جی سدانندم گوڑ، صدر STUTS اور جنرل سیکریٹری AISTF نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں ہمیشہ اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ STUTS ایک ایسی تنظیم ہے جو ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو میڈیم اسکولوں، اساتذہ اور طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے یونین سنجیدگی سے کوشش کر رہی ہے اور اردو میڈیم اساتذہ کے لیے خصوصی ڈی ایس سی کے انعقاد کے سلسلے میں جناب محمد اظہرالدین صاحب، وزیر برائے اقلیتی بہبود سے نمائندگی بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے تمام مسلم بھائیوں کو ماہِ رمضان المبارک کی دلی مبارکباد پیش کی۔

مجیب حسین صاحب، جنرل سیکریٹری TNGO نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ STUTS کی جانب سے بڑے پیمانے پر افطار کا اہتمام خوش آئند ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت رمضان المبارک کی برکت سے ملک میں امن و امان قائم رکھے اور ہم سب کے درمیان اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں بھوکے کو کھانا کھلانے، پیاسے کو پانی پلانے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا درس دیتا ہے۔

ٹی جی ای جے اے سی کے جنرل سیکریٹری سری ایلوری سرینواس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ اللہ تعالیٰ سے قربت حاصل کرنے اور اپنی زندگی کو نیکیوں سے مزین کرنے کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آج مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد STUTS کی افطار تقریب میں شریک ہوئے ہیں، اسی طرح ہمیں ہمیشہ باہمی احترام اور بھائی چارے کے ساتھ مل جل کر رہنا چاہیے۔

ٹی جی ای جے اے سی کے چیئرمین اور صدر TNGO مارم جگدیشور صاحب نے کہا کہ روزہ انسان کو صبر اور خدا کی یاد کا احساس دلاتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اس بابرکت مہینے کی برکت سے اساتذہ اور ملازمین کے مسائل جیسے پی آر سی، بقایاجات (Arrears) اور ہیلتھ کارڈ وغیرہ جلد حل ہوں۔

اس موقع پر سری لنگیا صاحب، ایڈیشنل ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن اور سری سرینواس چاری صاحب، ایڈیشنل ڈائریکٹر ماڈل اسکولز نے بھی رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

تقریب میں شریک معزز شخصیات میں
جناب جی سدانندم گوڑ (صدر STUTS)،
سری جٹو گجندر (جنرل سیکریٹری STUTS)،
مارم جگدیشور (چیئرمین TGEJAC و صدر TNGO)،
سری ایلوری سرینواس (جنرل سیکریٹری TGEJAC و صدر TGO)،
مجیب حسین (جنرل سیکریٹری TNGO)،
سری ایم پروت ریڈی (آڈیٹر AISTF)،
محترمہ آر روہنی (ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر)،
سری عارف رضوان (کارپوریٹر ریڈ ہلز)،
جناب محمد صادق احمد،
سری وحید اللہ حسینی (ایگزیکٹو ممبر AISTF)،
پی راما سببا راؤ (صدر STUTS حیدرآباد ضلع)،
سری ایم نرسیمہا ریڈی،
سری محمد بشیرالدین،
سری کمال احمد،
سری میر محمد علی،
سری وائی کروناکر ریڈی،
سری شنکر ماتنگی (سب ایڈیٹر)،
سری اے وی سدھاکر،
سری شفیع الدین ظفر،
اظہر جہاں،
سری واجد علی،
پی پروین کمار،
ایس پندو رنگا ریڈی،
این سدھاکر ریڈی،
بی سرینواس راٹھوڑ،
جیون راٹھوڑ،
چاری ہری پرساد،
کے بھوپال،
سید حبیب اور نظیرالدین سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ حیدرآباد ضلع کے مختلف منڈلوں کے صدور اور جنرل سیکریٹریز، ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسرز، ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولز، ہیڈ ماسٹرس، اساتذہ کرام، ڈی ایس ای اور ڈی ای او آفس کے عملہ کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

آخر میں پی راما سببا راؤ صاحب، صدر STUTS حیدرآباد ضلع نے تقریب میں شریک تمام مہمانوں، اساتذہ اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس کامیاب پروگرام کے انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام افراد کی خدمات کو سراہا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔