تعزیتی پیغام۔۔۔ از جانب: فرید احمد خان، صدر اردو کارواں۔
تعزیتی پیغام۔۔۔
از جانب: فرید احمد خان، صدر اردو کارواں۔
معروف سماجی رہنما جناب شبیر احمد انصاری صاحب کے انتقال کی خبر نہایت رنج و غم کے ساتھ موصول ہوئی۔ ان کا دنیا سے رخصت ہونا واقعی ایک عہد کے خاتمے کے مترادف ہے۔
مرحوم نے “آل انڈیا او بی سی آرگنائزیشن” کے پلیٹ فارم سے پسماندہ مسلمانوں کے لیے ایک مضبوط محاذ قائم کیا اور تقریباً نصف صدی تک مسلسل جدوجہد کرتے رہے۔ ان کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں مہاراشٹر کے کئی پسماندہ مسلم طبقات کو او بی سی کا درجہ حاصل ہوا۔ انہوں نے مختلف حکومتوں کے ذریعے متعدد سرکاری جی آر (Government Resolutions) جاری کروائے، جس کے سبب سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن کے مواقع پیدا ہوئے۔ آج سیکڑوں افراد جو ملک و ملت کی خدمت انجام دے رہے ہیں، وہ ان کی اسی تاریخی جدوجہد کا نتیجہ ہیں۔
مرحوم شبیر احمد انصاری ایک مخلص، باحوصلہ اور دوراندیش رہنما تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی محروم طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر دی۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی سنجیدہ اور مسلسل کوششوں کو دیکھتے ہوئے ان کی تحریک کے آغاز ہی سے انہیں ممتاز شخصیات جیسے یوسف خان (دلیپ کمار)، ایم ایل سی کپل پاٹل، صدر انجمن اسلام ڈاکٹر ظہیر قاضی اور حسن کمال کی عملی تائید اور تعاون حاصل رہا۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پر پُر نہیں ہو سکے گا۔ میں، بحیثیت صدر اردو کارواں، ان کے اہلِ خانہ، متعلقین اور تمام عقیدت مندوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور اس غم کی گھڑی میں برابر کا شریک ہوں۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
انا للہ وانا الیہ راجعون
Comments
Post a Comment