ڈاکٹر رفیق ذکریا کالج میں دار ویمن میں مضمون نویسی مقابلہ و تقریبِ تقسیمِ انعامات، علم و ادب کا باوقار جشن - "اردو زبان ہماری تہذیب اور انسانی قدروں کی ترجمان ہے : سید حسین اختر۔


اورنگ آباد: (راست) مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی، ممبئی کے تعاون سے ڈاکٹر رفیق ذکریا کالج فار ویمن، اورنگ آباد کے شعبۂ اردو کے زیرِ اہتمام علم و ادب کے فروغ کے مقصد سے ایک بامعنی مضمون نویسی مقابلہ منعقد کیا گیا، جس کے بعد 25 مارچ کو ایک باوقار تقریب میں کامیاب طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ یہ پروگرام طلبہ میں تخلیقی شعور بیدار کرنے اور اردو زبان سے ان کی وابستگی کو مستحکم بنانے کی ایک کامیاب کوشش ثابت ہوا۔
مقابلے کو جونیئر، سینئر اور پی۔جی سطحوں میں تقسیم کیا گیا تھا، جہاں طالبات نے مصنوعی ذہانت، خواتین کے حقوق، آن لائن تعلیم، پسندیدہ ادیب اور سماجی مسائل جیسے اہم موضوعات پر نہایت سنجیدگی اور فکری بصیرت کے ساتھ اپنے مضامین پیش کیے۔ ان تحریروں نے طلبہ کے اندر موجود تخلیقی صلاحیتوں اور ادبی ذوق کو نمایاں کیا۔
تقریبِ تقسیمِ انعامات کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس نے محفل کو روحانیت سے منور کر دیا۔ اس موقع پر مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے چیئرمین سید حسین اختر، پرنسپل ڈاکٹر مخدوم فاروقی، پروفیسر انتخاب حمید، ڈاکٹر شہاب افسر خان، پروفیسر دوست محمد خان، نورالحسنین اور خالد سیف الدین سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
اپنے خطاب میں سید حسین اختر نے اردو زبان کی تہذیبی اور سماجی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ "اردو زبان صرف اظہار کا وسیلہ نہیں بلکہ مشترکہ تہذیب، انسانی قدروں اور باہمی احترام کی علامت ہے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان قلموں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، ضرورت صرف رہنمائی اور مواقع فراہم کرنے کی ہے، اور اکیڈمی اس ضمن میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
دیگر مقررین نے بھی مطالعے کی اہمیت، ادب کے سماجی کردار اور طلبہ کی فکری تربیت پر زور دیا۔ پرنسپل ڈاکٹر مخدوم فاروقی نے اپنے صدارتی خطاب میں تعلیم کو محض ڈگری کے حصول تک محدود نہ رکھنے بلکہ شخصیت سازی اور شعوری بیداری کا ذریعہ بنانے پر زور دیا۔
یہ تقریب نہ صرف ایک تعلیمی سرگرمی تھی بلکہ علم و ادب کے فروغ، فکری بالیدگی اور مثبت معاشرتی شعور کے قیام کی ایک خوبصورت مثال بن کر ابھری۔ پروگرام کے اختتام پر منتظمین اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا گیا، جن کی محنت اور رہنمائی سے یہ کامیاب تقریب ممکن ہو سکی۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ