منیّار برادری جلگاؤں کی ربع صدی کی قابلِ تحسین روایت مستحقین میں شیر قورما کٹس کی تقسیم۔


جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) ماہِ مقدس رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر منیار برادری جلگاؤں ضلع کی جانب سے گزشتہ پچیس برسوں سے جاری انسان دوست روایت کے تسلسل میں امسال بھی ایک قابلِ ستائش فلاحی اقدام انجام دیا گیا۔ برادری کے صدر فاروق شیخ کی قیادت میں شہر و ضلع کے غرباء، نادار اور مستحق خاندانوں تک گھر گھر پہنچ کر شیر قورما کٹس تقسیم کی گئیں۔
مذکورہ کٹس میں عیدالفطر اور رمضان المبارک کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری اشیائے خورد و نوش شامل کی گئیں، جن میں شکر، کھجور، سویاں، کاجو، بادام، چارولی، الائچی، کسٹرڈ پاؤڈر اور کھوپرا وغیرہ شامل ہیں۔ ہر کٹ کی مالیت تقریباً 661 روپے کے قریب بنتی ہے الحمدللہ، اس فلاحی مہم کے تحت مجموعی طور پر 125 کٹس (تقریباً 82,625 روپے مالیت) مستحق خاندانوں میں تقسیم کی گئیں، جس کے نتیجے میں غریب و نادار افراد کے چہروں پر خوشی کی جھلک نمایاں ہوئی اور رمضان المبارک کی روحانی فضا میں مزید رونق پیدا ہوئی۔
اس موقع پر صدر منیار برادری جلگاؤں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ہماری بھرپور کوشش رہتی ہے کہ معاشرے کے ہر ضرورت مند فرد تک امداد پہنچے اور کوئی بھی عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہے۔ اللہ تعالیٰ ہماری اس معمولی سی خدمت کو شرفِ قبولیت بخشے اور آئندہ بھی ہمیں اسی جذبۂ خیر کے ساتھ خدمتِ خلق کی توفیق عطا فرمائے۔”
منیار برادری کا یہ مسلسل فلاحی اقدام نہ صرف خدمتِ خلق کی ایک روشن مثال ہے بلکہ معاشرتی ہم آہنگی، اخوت اور ایثار کے جذبے کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس پر شہر کے مختلف حلقوں کی جانب سے بھرپور ستائش کی جا رہی ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ