بھیونڈی کے واچن مندر میں یومِ مراٹھی کا کامیاب انعقاد۔
بھیونڈی : (راست) شرواڈکر جینتی کے موقع پر ہر سال یومِ مراٹھی منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے سے 27 فروری بروز جمعہ صبح دس بجے واچن مندر بھیونڈی میں مراٹھی گورو دیوس شاندار پیمانہ پر منایا گیا جس کی صدارت واچن مندر کے سیکریٹری کشور جی ناگاویکر نے فرمائی۔مہمانانِ اعزازی کے طور پر پر رئیس ہائی اسکول کے سابق چیرمن محمد شفیع مقری، سابق پرنسپل بلال احمد مومن اور سابق کوآرڈینیٹر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی سینٹر بھیونڈی عبدالملک مومن کا استقبال کیا گیا نیز ان کی خدمت میں گلدستہ دے کر پذیرائی کی گئی۔پروگرام کے دورانِ اردو اور مراٹھی جیسی مادری زبانوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی اور ان زبانوں کے طلبہ کی گھٹتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا گیا نیز وہ حکمتِ عملی اپنانے پر غور کیا گیا کہ کیسے مادری زبانوں کے طلبہ کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ اردواور مراٹھی اسکولوں کو بند ہونے سے بچایا جاسکے۔ اس موقع پر مہمانِ اعزازی کی طرف سے لائبریری کو 10 مارچ 1918میں بھیونڈی میں قومی رہنما لوک مانیہ تلک کے آمد کے موقع کی دو خوبصورت تصویریں پیش کی گئیں۔ حاضرین میں واچن مندر کے جوائنٹ سیکریٹری شری ملند جی پڑسلے،خازن اجول جی کنبھار،شریمتی سوجیوتی تائی ولال،سینیر رکن ڈاکٹر شرد کانٹکر،شری گنیش ڈانڈیکر،لائبریرین پرنالی کھوڈے اور کلرک شیتل تالے نے اپنی شرکت سے پروگرام کو رونق بخشی اور افادیت میں اضافہ کیا۔ آخر میں رمضان کے تحفے کے طور پر تمام حاضرین کی خدمت میں کھجور وں کے پیکٹ دیے گئے۔ شکریہ پر پروگرام کا اختتام ہوا۔
Comments
Post a Comment