آداب میں پریم چند ہوں — اور " آوارہ پھروں" 15 مارچ کو ملاڈ میں۔
اردو ادب کے شائقین کے لیے 15 مارچ ایک یادگار اور دل آویز شام لے کر آ رہا ہے۔ آئیڈیا کی جانب سے اردو زبان و ادب کی شاندار محفل ملاڈ میں واقع خوب صورت اسٹیج Artisian Theatre پر سجنے والی ہے۔ محفل کا آغاز 5 بجے اور دوسرا پروگرام 7:30بجے ہوگا۔
اس ادبی شام کا پہلا حصہ اردو فکشن کے بے مثال استاد منشی پریم چند کے نام سے منسوب سلسلے “آداب! میں پریم چند ہوں” کے تحت پیش کیا جائے گا، جس میں ان کی تین مشہور اور دل نشین کہانیاں — بڑے بھائی صاحب، معصوم بچہ اور لانچھن اسٹیج پر مجسم کی جائیں گی۔ پریم چند کی تحریروں میں سادگی، انسانی ہمدردی اور حقیقت نگاری کا جو حسین امتزاج ہے، اسے اسٹیج پر محسوس کرنا ناظرین کے لیے ایک یادگار تجربہ بنے گا۔
محفل کا دوسرا حصہ اردو کے رومانی اور انقلابی شاعر، حساس دل اور شعلہ بیان شخصیت مجاز لکھنوی کی زندگی پر مبنی ڈرامہ “آوارہ پھروں” پر مشتمل ہوگا، جو 7:30 بجے پیش کیا جائے گا۔ مجاز کی زندگی میں عشق، بے باکی، سرشاری، تلخی اور درد کی جو آمیزش تھی، اسے اسٹیج پر ڈرامائی صورت میں دیکھنا ہمارے عہد کے ناظر کے لیے ادبی اور جذباتی دونوں سطحوں پر ایک خوب صورت تجربہ ہو گا۔
گجراتی اسٹیج سے اپنی شناخت قائم کرنے کے بعد اردو تھیٹر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے فنکار تیجس پاریکھ اس ڈرامے میں مجاز کے روپ میں نظر آئیں گے۔ ان کی اداکاری نہ صرف فن کا معیار بلند کرتی ہے بلکہ مختلف زبانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی روشن مثال بھی ہے۔
آئیڈیا برسوں سے اردو کو غیر اردو داں طبقے تک پہنچانے کے لیے سرگرم ہے۔ اس پلیٹ فارم نے درجنوں ایسے فنکار تیار کیے ہیں جو آج اسٹیج، فلم اور ٹیلی ویژن پر کام کرتے ہوئے نہایت خوب صورت اردو بولتے ہیں اور اس زبان کے حسن کو نئی نسل تک منتقل کر رہے ہیں۔
اردو ادب کے چاہنے والوں کے لیے یہ محفل صرف ایک ثقافتی تقریب نہیں بلکہ ایک ادبی جشن ہے۔ اس شام میں شرکت کر کے آپ نہ صرف اردو کے حسن کو سراہیں گے بلکہ اس کی ترویج کے سفر میں اپنا حصہ بھی ڈالیں گے۔
مزید معلومات اور نشستوں کے لیے رابطہ:
9821044429
Comments
Post a Comment