جی ایم مومن ویمنس کالج اسٹڈی سینٹر میں میگا تعلیمی مقابلے اور جلسہ تقسیمِ انعامات کا شاندار انعقاد۔
بھیونڈی: طلبہ و طالبات کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان میں تعلیمی، ادبی و تخلیقی شعور کو فروغ دینے کے مقصد سے کے ایم ای سوسائٹی کے زیرِ اہتمام جی ایم مومن ویمنس کالج اسٹڈی سینٹر میں بی اے اور ایم اے کے طلبہ کے درمیان ایک عظیم الشان میگا تعلیمی مقابلے کا انعقاد بروز اتوار، 5 اپریل 2026 کو نہایت کامیابی کے ساتھ عمل میں آیا۔
اس میگا ایونٹ میں کل آٹھ متنوع اور بامقصد مقابلے شامل تھے، جن میں تقریری مقابلہ، مضمون نویسی، جنرل نالج، خوشخطی، بیت بازی، پوسٹر میکنگ، مہندی مقابلہ اور غزل سرائی جیسے اہم اور دلچسپ مقابلے قابلِ ذکر ہیں۔ ان مقابلوں میں مجموعی طور پر 132 طلبہ و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور اپنی تخلیقی و فکری صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ہر مقابلے کے لیے ماہرین پر مشتمل علیحدہ ججیز پینل مقرر کیا گیا تھا، جن کے منصفانہ فیصلوں کی بنیاد پر ہر مقابلے کے بہترین پانچ طلبہ کو انعامات کے لیے منتخب کیا گیا۔
بعد ازاں رئیس ہائی اسکول کے اردو بسیرا آڈیٹوریم میں “محفلِ علم و ہنر” کے عنوان سے ایک پروقار جلسۂ تقسیمِ انعامات منعقد ہوا، جس کی صدارت کے ایم ای سوسائٹی کے اعزازی جنرل سکریٹری جناب دانیال قاضی نے فرمائی۔ اس موقع پر سوسائٹی کے نائب صدر ایڈوکیٹ یٰسین مومن، نوح خلیل پٹیل، انوارالحق خان اور صفا آغا بطورِ مہمانانِ خصوصی شریک ہوئے، جبکہ ملک مومن، ڈاکٹر قطب الدین شاہد، معین الدین فلاحی، تبسم مومن، عظیم غرقاب اور شاکر شیخ مہمانانِ اعزازی کے طور پر موجود رہے۔
پروگرام کا آغاز خان اسید محمد طیب کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اسٹڈی سینٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالعزیز انصاری نے مہمانانِ کرام کا پُرتپاک استقبال کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اپنے خطابات میں مہمان مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کے تعلیمی مقابلے طلبہ میں خود اعتمادی، مسابقتی جذبہ اور مثبت طرزِ فکر کو پروان چڑھاتے ہیں۔
تقریب کے دوران کامیاب طلبہ کو انعامات، اسناد اور ٹرافیوں سے نوازا گیا، جس سے طلبہ کے حوصلے مزید بلند ہوئے۔ اپنے صدارتی خطاب میں جناب دانیال قاضی نے منتظمین، اساتذہ اور طلبہ کو اس کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بامقصد پروگرام طلبہ کے روشن مستقبل کی مضبوط بنیاد رکھتے ہیں۔
یہ میگا تعلیمی مقابلہ نہ صرف ایک یادگار اور کامیاب ثابت ہوا بلکہ اس نے طلبہ میں پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پروگرام کی کامیابی میں اسٹڈی سینٹر کے اساتذہ محمد رفیع انصاری، سید اعجاز ہاشمی، خان ذاکر حسین، جویریہ قاضی، ڈاکٹر مطیع اللہ خان، صوفیہ مومن، ظفر عالم خان جامعی کے علاوہ طہور مومن، وجاہت مومن اور مونس انصاری کی بھرپور کاوشیں شامل رہیں۔
نظامت کے فرائض ظفر عالم جامعی اور صوفیہ مومن نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔رسمِ شکریہ کے ساتھ اس کامیاب اور بامقصد پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔
Comments
Post a Comment