میراروڈ میں شاہین گروپ کی برانچ کاشاندار افتتاح اور تعلیمی رہنمائی !!


میرا روڈ (رپورٹ : محمد حسین ساحل): ملک کے مشہور تعلیمی ادارے شاہین گروپ کی برانچ میرا روڈ کے ہاٹکیش علاقے میں واقع انڈین ہائی اسکول میں برانچ قائم ہوئی ہے۔ اس کے افتتاح کے موقع پر صبح رنگ بانکویٹ ہال میں ایک تعلیمی رہنمائی کا پروگرام منعقد کیا گیا جس میں شاہین گروپ کے بانی اور چیئر مین ڈاکٹر عبدالقدیر اور شاہین گروپ ممبئی کے ڈائریکٹر تنویر شیخ کے علاوہ شاہین گروپ کے عہدیداران شریک تھے۔ اس موقع پر سینٹ حارث ہائی اسکول و جونیئر کالج کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد خان نے بطور مہمان شرکت کی ۔ شاہین گروپ کے بانی اور چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ ہم پورے ملک میں شاہین کی برانچ قائم کر رہے ہیں۔ ممبئی میں شاہین کے ڈائریکٹر تنویر شیخ کی نگرانی میں یہ کام بحسن و خوبی انجام دے رہے ہیں۔ میرا روڈ میں صرف لڑکیوں کے لئے یہ کلاس شروع کی جا رہی ہے تا کہ قوم کی بچیاں دینی ماحول میں نیٹ امتحان کی تیاری کر سکیں۔ انہوں نے اس موقع پر نسل نو کی تربیت پر زور دیا۔اس جشن افتتاح میں میرا روڈ کی معروف شخصیات اور غلام رسول ایجوکیشن ٹرسٹ کے عہدیداران ساجد آصف پٹیل اور ذکی آصف پٹیل خصوصی طور پر موجود تھے. ساجد آصف پٹیل نے اپنی تقریر میں کہا " والدین نے روز مرہ کے اخراجات کو کم کر کے تعلیم پر توجہ دینے کی ضرورت ہے" ذکی آصف پٹیل نے اپنی تقریر میں کہا کہ "تعلیم ہمارے سماج کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے"اس کے بعد مہمانان کا شکریہ ادا کرکے پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا گیا.

Comments