بھیونڈی میں ڈاکٹر ابو طالب انصاری کی پندرہویں کتاب ''امروز ۲'' کا شاندار اجراء۔
بھیونڈی میں ڈاکٹر ابو طالب انصاری کی پندرہویں کتاب ''امروز ۲'' کا شاندار اجراء۔
بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) معروف ادبی تنظیم حلقہ اربابِ ذوق، بھیونڈی کے زیرِ اہتمام شہر کے ممتاز معالج، دانشور اور صاحبِ طرز مصنف ڈاکٹر ابو طالب انصاری کی پندرہویں کتاب ''امروز ۲'' کی رسمِ اجراء ایک باوقار اور یادگار تقریب کے دوران عمل میں آئی۔ یہ تقریب بروز اتوار، 26 اپریل 2026 کو رئیس ہائی اسکول کے اردو بسیرا ہال میں منعقد ہوئی،۔جس کی صدارت معروف معالج ڈاکٹر انوار الہدی (ایم ڈی) نے فرمائی۔تقریب میں روزنامہ انقلاب ممبئی کے مدیر شاہد لطیف مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے، جبکہ مہمانانِ اعزازی میں ڈاکٹر ضمیر حسن مومن، ڈاکٹر حماد مومن، محمد رفیع انصاری، پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری اور ڈاکٹر کناز انصاری شامل تھے۔ اس موقع پر شہر کی ممتاز علمی، ادبی اور سماجی شخصیات، اساتذہ کرام، طلبہ اور ادب سے شغف رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی،جس نے تقریب کو مزید وقار بخشا۔پروگرام کا آغاز مفتی عدنان کی پرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ جس کے بعد عبدالعزیز انصاری نے مہمانانِ کرام کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے ان کا تعارف پیش کیا۔ بعد ازاں معزز مہمانوں کے ہاتھوں ''امروز ۲'' کی باضابطہ رسمِ رونمائی انجام دی گئی۔اس موقع پر ڈاکٹر ابوطالب انصاری کی خدمت میں شہر کی علمی و ادبی تنظیموں کے ذریعہ گل دستہ و تحائف اور عبدالملک مومن کا تحریر کردہ سپاس نامہ بھی پیش کیا گیا۔مہمانِ خصوصی شاہد لطیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ''امروز ۲'' ایک منفرد اور فکر انگیز تصنیف ہے، جس کے مطالعے سے کئی حیرت انگیز حقائق اور پوشیدہ گوشے سامنے آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ابو طالب انصاری نے تاریخی واقعات اور معلومات کو نہایت سلیقے اور فنکارانہ انداز میں پیش کیا ہے،جو قاری کو نہ صرف معلومات فراہم کرتا ہے بلکہ اسے غور و فکر کی دعوت بھی دیتا ہے۔محمد رفیع انصاری نے اپنے اظہارِ خیال میں ڈاکٹر ابو طالب انصاری کی ہمہ جہت شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہوں نے طب اور ادب دونوں میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دے کر اپنی ایک منفرد شناخت قائم کی ہے۔پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری نے کتاب پر اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ''امروز ۲'' محض عام معلومات کا مجموعہ نہیں بلکہ یہ قاری کے ذوقِ مطالعہ کو جلا بخشنے، اس کی علمی پیاس کو بڑھانے اور اسے مسلسل سیکھنے کے عمل سے جوڑنے کا ذریعہ ہے۔صاحبِ کتاب ڈاکٹر ابو طالب انصاری نے اپنے خطاب میں کتاب کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے تمام مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی علمی و ادبی خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔صدرِ جلسہ ڈاکٹر انوار الہدی نے اپنی صدارتی گفتگو میں کتاب کو نہایت معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے مصنف کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔تقریب کی نظامت ظفر عالم جامعی نے نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دی، جبکہ رئیس ہائی اسکول اسکول کے اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹر مخلص مدعو نے شکریہ کا فریضہ انجام دیا۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر مسرور انصاری، سید اعجاز ہاشمی،عبد الحسیب جامعی، عامر قریشی،ابو سعد اعجاز، طہور مومن، مونس انصاری وغیرہ کا تعاون شامل رہا۔
Comments
Post a Comment