ہندو جن جاگرتی سمیتی نے ویلنٹائن ڈے منانے کے خلاف کارروائی کے لیے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی۔
بیدر۔ 13/فروری (محمدیوسف رحیم بیدری) ہندو جن جاگرتی سمیتی نے ضلع انتظامیہ بیدر پر زور دیا ہے کہ وہ 'ویلنٹائن ڈے' کے نام پر ہونے والی غلط حرکتوں اور نوجوانوں پر اس کے مضر اثرات کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کرے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر بیدر کو ایک مکتوب دینے والی کمیٹی نے مکتوب دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا کہ مغربی اثر و رسوخ کی وجہ سے ہندوستان میں 14 /فروری کو 'ویلنٹائن ڈے' کے طور پر منانے کا عمل بڑے پیمانے پر بڑھ رہا ہے۔ اس میں ایک طرفہ محبت کی وجہ سے محبت کے نام پر فحش نمائش، ہراساں کرنے، دھمکیاں دینے اور پرتشدد واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے۔ساتھ ہی نوجوانوں میں شراب نوشی، تمباکو نوشی اور منشیات کے استعمال میں اضافے سے ان کی تعلیمی زندگی، صحت اور خاندانی نظام پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال، ذہنی تناؤ اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ہندوجن جاگرتی کمیٹی کی طرف سے پیش کردہ اہم مطالبات درج ذیل ہیں:اسکول اور کالج کے احاطے میں خواتین کو ہراساں کرنے سے روکنے کے لیے واضح ہدایات پر عمل درآمدکیاجائے۔ منشیات، شراب نوشی اور غیر اخلاقی پارٹیوں کا انعقاد کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔نوجوانوں میں ہندوستانی ثقافت اور اخلاقی اقدار کے بارے میں بیداری پروگراموں کا انعقادعمل میں لایاجائے۔ کمیٹی نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ نوجوانوں کے مستقبل کے تحفظ اور معاشرے کے مفاد میں فوری کارروائی کی جائے۔اس تعلق سے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ بتایاگیاہے کہ اس موقع پر ضلع کوآرڈی نیٹر شریکانت مودی، ریاستی کوآرڈی نیٹر گرو پرساد، گوپال کرشنا، مایاوتی کوٹے، انل جگدیو، بابو راؤ برادار، ڈاکٹر آر کے۔ چاری، سبھاش پاٹل، ڈاکٹر ستیش پاٹل، ڈاکٹر رویندر دیوپا ہندو جن جاگرتی سمیتی کی جانب سے موجود تھے۔واضح رہے کہ ہندوجن جاگرتی سمیتی دراصل گوابنیاد سمیتی بتائی جارہی ہے۔ اور اس کے لیٹر ہیڈ پر لکھاہے ”ہندوتنظیموں اور ہندوراشٹر کے قیام کے لئے کام کرنے والی ہندوجن جاگرتی سمیتی“انھوں نے اپنی ویب سائٹ www.HinduJagruti.orgبتائی ہے۔
Comments
Post a Comment