کلبرگی میں بنیادی حقوق و فرائض اور آئین و جمہوریت کے موضوع پر سینئر سول جج سرینیواس ناؤلے کا خطاب شریمتی سویتا گری، نثاراحمد وزیر، ڈاکٹر ماجد داغی اور وسنت کمار پرتاپے کی شرکت۔
کلبرگی 11 / فروری (راست) اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر ) اور ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی کلبرگی کے اشتراک سے بتاریخ 10 / فروری 2026 ، بوقت 11 بجے دن، بمقام ہدایت سنٹر ، سنگترش واڈی ، درگاہ روڈ ، کلبرگی میں اے پی سی آر ڈسٹرکٹ کمیٹی کے اولین اجلاس کاانعقاد عمل میں آیا ۔ معزز سینئر سول جج و ممبر سیکرٹری ڈی ایل ایس اے کلبرگی سری سرینیواس ناؤلے نے " آئین اور جمہوریت " کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سماجی اور معاشی انصاف رسانی کو یقینی بناتے ہوئے ایک فلاحی ریاست کے قیام کی پالیسی کے ہدایتی اصول کے تحت (DPSP) آئین ہند کے حصہ چہارم (آرٹیکل 36-51) میں اصولِ حکومت کے لیے قانون سازی اور حکمرانی میں بنیادی رہنمائی ضرور ملتی ہے اگرچہ کہ یہ براہِ راست عدالتوں کے ذریعے قابل نفاذ نہیں ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ، سماجی و معاشی عدم مساوات کو کم کرنے اور عوامی بہبود کے لیے کام کرتی ہے۔ اس خصوص میں وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عادلانہ تقسیم اور تحفظ کی روشنی میں آرٹیکل 39 کے تحت دولت کی یکساں تقسیم ، سب کے لیے روزگار، مناسب اجرت، اور استحصال سے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ مزید برآں مفت قانونی امداد کے تحت آرٹیکل 39-A غریب اور پسماندہ طبقات کو مفت قانونی امداد فراہم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اسی طرح دیہی خود مختاری کو فروغ دینے کے لیے پنچایتوں کا قیام ، کمزور طبقات کا تحفظ ، درج فہرست ذاتوں، قبائل اور دیگر کمزور طبقات کے تعلیمی اور معاشی مفادات کے تحفظ کی ہدایات، مزدوروں کے لیے مناسب کام کے حالات اور بچوں کے لیے تعلیم کی سہولیات سے متعلق قوانین موجود ہیں بہرحال یہ قانون حکومت کو ایک منصفانہ، جمہوری اور فلاحی معاشرہ تشکیل دینے کے لیے پالیسیاں بنانے میں رہنمائی کرتا ہے ۔ معزز سینئر سول جج نے آئین اور جمہوریت کے موضوع پر اظہارِ کرتے ہوئے انتخابات ، قانون سازی ، انتظامی عدلیہ، لینڈریفارمز ایکٹ ، ترمیمات ، سماجی انصاف ، غریبوں میں زمین کی تقسیم، دیہی ترقی ، فلاحی ریاستیں ، گھریلو تشدد کا قانون ، بزرگ شہری ، ایس سی/ ایس ٹی ریزرویشن کے علاوہ ای ڈبلیو ایس پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔ بعدازاں شریمتی سویتا گری نے بھی اسکرین پر قانون کی بنیادی معلومات اور اہم آئینی دفعات کو عام فہم انداز میں سلائڈز پر مشتمل ایک تعلیمی مواد کو جامع اور وضاحتی انداز میں پیش کیا ۔ اسٹیج پر ڈاکٹر ماجد داغی ضلعی ایڈوائزر اے پی سی آر بھی رونق افروز تھے۔ اجلاس کے اختتام پر جناب نثار احمد وزیر ریٹائرڈ تحصیلدار اعزازی ضلعی صدر اے پی سی آر نے مہمانان و مدعوین اور شرکائے اجلاس کا شکریہ ادا کیا جبکہ ڈاکٹر وسنت کمار پرتاپے ایڈوکیٹ ضلعی نائب صدر اے پی سی آر نے بحُسن و خوبی نظامت کے فرائض انجام دیں ۔ اس موقع پر نائب صدور ڈاکٹر محمد سمیر پٹیل ، ایڈوکیٹ عبدالقدیر چنچولی، میر ہاشم علی خطیب سیکریٹری، مسٹر وِرنّا گوڈا پاٹل جوئنٹ سیکریٹری اور معزز اراکین معراج الدین پٹیل، انجنئیر عبد القادر، یوسف جعفر پٹیل ، سبھاش چند بینکنّلی، چندرکانت ، بنڈو پٹنائک ، عبدالقدیر ملت ہیلپ لائن ، قمر جنید ، راج کمار الند اور ہنومنتھ کالنور کے علاوہ اے پی سی آر کے اراکین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔
Comments
Post a Comment