ورنگل میں ’’اصلاحِ معاشرہ و استقبالِ رمضان‘‘ کا شاندار انعقاد،علماء کرام کے مؤثر خطابات، معاشرتی اصلاح اور رمضان المبارک کی تیاری پر زور۔


حیدراآباد 11/ فروری(،نمائندہ) شعبۂ اصلاحِ معاشرہ، جمعیۃ علماء ضلع ورنگل کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان اور بابرکت اجلاسِ عام بعنوان ’’اصلاحِ معاشرہ و استقبالِ رمضان‘‘ بعد نمازِ مغرب بمقام آبنوس فنکشن ہال، میل بی نگر، ورنگل میں کامیابی و وقار کے ساتھ منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت حضرت مولانا محمد عبد العظیم صاحب قاسمی مدظلہ العالی، صدر جمعیۃ علماء ضلع ورنگل نے فرمائی، جبکہ سرپرستی حضرت مولانا محمد فصیح الدین صاحب قاسمی زیدہ مجدہ، ناظم مدرسہ عربیہ سراج العلوم و اشرف العلوم، میل بی نگر، ورنگل نے انجام دی۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے حضرت مولانا مفتی محمد تقبل حسین صاحب زیدہ مجدہ، ناظم شعبۂ اصلاحِ معاشرہ جمعیۃ علماء ریاست تلنگانہ نے مؤثر خطاب فرمایا۔ اس موقع پر قائدِ جمعیت محترم جناب حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب، جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ریاست تلنگانہ کی خصوصی شرکت بھی رہی۔
مقررینِ کرام نے اپنے خطابات میں معاشرتی برائیوں کے سدِّباب، دینی اقدار کے فروغ، نوجوانوں کی اصلاح اور ماہِ رمضان المبارک کی تیاری کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اجتماعی اصلاحی کوششیں وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں، جبکہ رمضان المبارک خود احتسابی، صبر، تقویٰ اور باہمی اخوت کا عملی پیغام دیتا ہے۔
اپنے خطاب میں حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب نے اصلاحِ معاشرہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ معاشرے کی درستگی کا آغاز فرد کی اصلاح سے ہوتا ہے۔ اگر ہر شخص اپنی ذمہ داری کو پہچان لے اور دینی و اخلاقی اقدار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا لے تو معاشرہ خود بخود سنور سکتا ہے۔ انہوں نے بالخصوص نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
یہ بابرکت اجتماع حضرت مولانا محمد نوشاد اختر قاسمی، استادِ حدیث جامعہ نور الفرقان للبنات، میل بی نگر کی نگرانی اور محترم حافظ و قاری محمد نصیر الدین صاحب حسامی مدظلہ العالی، ناظم مدرسہ دارالسلام للبنات، ہنمکنڈہ کی زیرِ سرپرستی منعقد ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا ناصر صاحب، امام و خطیب مسجد منصورہ اوشی نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
واضح رہے کہ اجلاس سے قبل اس اصلاحی اجتماع کے پوسٹر کی رسمِ اجرا بھی علماء کرام اور جمعیت کے ذمہ داران کی موجودگی میں انجام پائی، جس پر اہلِ علم و دانش نے مسرت کا اظہار کیا۔ اجلاس میں عوام الناس، علماء کرام، حفاظِ عظام، ائمہ و خطباء اور دانشورانِ قوم و ملت کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آخر میں صدرِ اجلاس نے امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود، ملک میں امن و امان، اور ماہِ رمضان المبارک کی بابرکت گھڑیوں سے صحیح استفادہ کی توفیق کے لیے رقت آمیز دعا فرمائی، جس پر اجتماع کا اختتام عمل میں آیا۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔