برف ۔۔ (مختصر کہانی )۔ اقبال نیازی۔


برف ۔۔ (مختصر کہانی )
 اقبال نیازی۔
  
ننھا فرشتہ روزہ رکھنا چاہتا تھالیکن ماں کے سامنے اس نےایک شرط رکھی ۔۔۔
"برف کاٹھنڈا پانی دوگی نا؟؟ تم ہمیشہ بیمار پڑ جاؤگے کہہ کربرف کاپانی پینے نہیں دیتی ہوامی ۔۔" ننھا فرشتہ نے منہ بسورکرکہا ۔۔"اچّھا میرےلال برف منگوا دوں گی ۔۔بس ! روزہ رکھوگے نا ؟؟؟" ماں نےننھے فرشتے سےوعدہ کرلیا"اور کیا چاہئے میرے لال کو افطار میں ؟؟" 
"کچھ نہیں! بس برف والا ٹھنڈا پانی " ننھا فرشتہ خشک ہونٹوں پر زبان پھیرتے ہویے بولا - غریب بچوں کی خواھشیں بھی برف کیطرح سرد ہی ہوتی ہیں،اور جلد پگھل بھی جاتی ہیں۔ 
ننھا فرشتہ افطار کا انتظار کررہا تھا بار بار اس کی نظر افطار کی پلیٹ کی طرف جاتی۔مگر وہاں صرف دو تین کھجور اورایک کیلا دیکھ کر اس کی پیاس اور بڑھ جاتی ۔"امی! برف کا ٹھنڈا پانی! " وہ ماں کو یاد دلاتا "ہاں میرے لال تیرےابّو گئے ہیں برف لانے" وہ افطار کاوقت اور ابّو کے ہاتھوں میں پگھلتی برف کا انتظارکرتا رہا۔ماں نے پڑوس کی آپا سے فریج سے تھوڑا برف مانگالیکن انھوں نے کچھ دیر پہلے ہی فریج کا سارا برف شربت میں ڈال دیا تھا، افطار کاوقت قریب آگیاتھا، ننھا فرشتہ ابّو کاانتظار کرتا رہا ۔ایک زوردار آواز کے ساتھ پٹاخہ پھوٹا، ننھےفرشتے کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ اب اذان کی آواز کیوں نہیں آتی؟ ماں نے اسے روزہ کھولنے کے لئے کھجور دیا ۔۔"امی برف کا ٹھنڈا پانی! " ننھے نے ڈوبتی آواز میں کہا ۔۔ماں کی آنکھیں نم ہو گیئں ۔ ابھی تمھارے ابّو برف لےکر آئیں گےتو دیتی ہوں میرے چاند کو ۔" ماں کوبھی سمجھ میں نہیں آرہاتھا کہ ننھےکےابّو اب تک کیوں نہیں آئے؟؟
ننھے فرشتے نے روکھی سوکھی کھا کر روزہ کھولا، مٹکہ کا پانی پیااور جائے نماز پر ہی سوگیا، بہت دیر بعد ننھے فرشتے کے ابّوخالی ہاتھ دبے پاؤں گھر میں داخل ہویے ۔۔ "صابرہ۔۔مجھے دیر ہو گیئ تھی، برف کی دکان میں سارا برف ختم ہوگیا ۔اور ایک ہی دکان ہے بازار میں برف کی " 
"ابھی برف کا ٹھنڈا پانی کی ضد کرکے روتے روتے سو گیا ہے ۔۔۔ اٹھے گاتو کیا جواب دیں گے ؟" ماں کی آنکھیں بھر آیئں اور باپ نے جائے نماز پر بیٹھ کر ننھے فرشتہ کاہاتھ اپنےہاتھ میں لیا، اسکا ہاتھ سرد تھابرف کی طرح سرد !!! 
اچانک دروازہ کھٹکھٹایا ۔۔سامنے پڑوس کی آپاکھڑی تھیں ان کے ہاتھوں میں سرخ شربت کاگلاس تھا۔۔اور اس میں سفید برف کے ٹکڑے تیر رہے تھے ۔۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ