اردو جلسہ ممبئی میں رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے طلبہ کی شاندار کامیابی، اردو جلسہ ٹرافی پر قبضہ۔
بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) بزم احباب فاؤنڈیشن ممبئی اور شعبہ اردو ممبئی یونیورسٹی کے زیر اہتمام دو روزہ اردو جلسہ 2026 کا شاندار انعقاد یونیورسٹی کیمپس کے راجیو گاندھی سینٹر میں کیا گیا۔ان مقابلوں میں ممبئی، بھیونڈی اور دیگر شہروں کے اسکولوں اور کالجوں کے طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں حصہ لیا۔اس با وقار تخلیقی، ادبی، فنی و تہذیبی اجتماع میں رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج بھیونڈی کے طلباء و طالبات نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کل 19 انعامات حاصل کر کے اردو جلسہ ٹرافی پر بھی قبضہ جما کر اسکول اور کالج کا نام روشن کیا۔انعامات کی تفصیلات کے مطابق گروپ (اے) میں غزل سرائی میں خان حسان کو اول انعام،انصاری بشریٰ کو سوم اور مومن رومان شاہد کو حوصلہ افزائی انعام حاصل ہوا۔ اوپن مائک میں انصاری عجوہ کو اوّل اور خان حسان کو دوّم انعام، مضمون نویسی میں مومن ایمن اشفاق کو اول انعام، خطاطی میں صدیقی محمد ایان کو دوّم انعام، انصاری عجوہ کو سوّم انعام اور مومن محمد علی کو حوصلہ افزائی کا انعام حاصل ہوا۔ مہندی کے مقابلے میں مومن راحمین کو دوّم انعام ، مونو ایکٹنگ میں انصاری زینت کو دوّم اور مومن عبداللہ کو حوصلہ افزائی کا انعام ، تمثیلی مشاعرہ میں خان حسان کو چوتھا اور مومن عطف کو تیسرا انعام حاصل ہوا۔
اسی طرح گروپ (بی) میں ندا اور اس کے گروپ کو اردو ترانہ میں اوّل انعام، خطاطی میں خان اقصیٰ اسرار کو اوّل انعام، مہندی میں خان الفضا کو اوّل انعام، غزل سرائی میں انصاری ندا شکیل کو دوّم انعام، مونو ایکٹنگ اور افسانہ گوئی میں انصاری مبشرہ کو سوّم انعام حاصل ہوا۔مذکورہ مقابلے میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اور ان کی رہنمائی کرنے والے اساتذہ عظیم غرقاب، شمیم مومن، حنا فرحین، صوفیہ مومن، کامل انصاری، عامر قریشی، عمران شیخ اور شاکر شیخ صاحبان کو مجلس منتظمہ کے عہدیداران و اراکین ، چیئر مین یاسر تاتلی اور پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری اور جملہ اسٹاف کی جانب سے مبارکباد پیش کی جاتی ہے۔
Comments
Post a Comment