رئیس ہائی اسکول اینڈ جونِیَر کالج، بھیونڈی اور مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی کے اشتراک سے یک روزہ کہانی نویسی ورک شاپ کا کامیاب انعقاد۔
رئیس ہائی اسکول اینڈ جونِیَر کالج، بھیونڈی اور مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی کے اشتراک سے یک روزہ کہانی نویسی ورک شاپ کا کامیاب انعقاد۔
بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) ایسے طلبا و طالبات جنھیں کہانی لکھنے کا شوق تو ہوتا ہے تاہم مناسب رہ نمائی اور تربیت کے فقدان کے سبب وہ اپنے اُس شوق کو پروان نہیں چڑھا پاتے۔ لہٰذا ان میں تخلیقی سوچ کے فروغ، ادبی شعور کی آبیاری، تحریری اظہار کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور عملی تربیت کے مقصد سے رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج، بھیونڈی اور مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی کے اشتراک سے کہانی نویسی کا یک روزہ ورک شاپ منعقد کیا گیا۔ سنیچر، 7؍فروری 2026 کو اے.وی. آئی. روم میں منعقدہ اس با مقصد اور اہم ورک شاپ کے دوران طلبہ کو کہانی کے بنیادی عناصر، فنی تقاضوں، اسلوبِ بیان اور تخلیقی تحریر کے عملی پہلوؤں سے روٗشناس کرایا گیا تاکہ اُن کی فکری و ادبی صلاحیتوں میں اضافہ ہو سکے۔ پہلے سیشن میں امیر حمزہ ثاقؔب (اسسٹنٹ پروفیسر اور صدرِ شعبۂ اردو، جی ایم مومن ویمنز کالج) نے 'کہانی کسے کہتے ہیں؟' اور مشتاق رضا بولنجکر (معروف ادیب و سابق رکن، اردو لسانی کمیٹی، بال بھارتی) نے 'کہانی کے تشکیلی عناصر' پر گفتگو کرتے ہوئے طلبہ کی موثر رہ نمائی فرمائی۔ دوسرے سیشن میں معروف افسانہ نگار و ناول نگار ایم مبین نے مختلف مثالوں کے ذریعے 'کہانی کیسے لکھیں' کے عنوان پر سیر حاصل گفتگو کی۔ موصوف کے تازہ اورغیر مطبوعہ افسانے "نمک کا سپاہی" کی قرأت شمیم اقبال (کنوینر) نے کی۔ بعد ازیں ایم مبین کے بیان کردہ پلاٹ پر شریک طلبہ نے کہانی لکھنے کا عملی تجربہ کیا۔ ورک شاپ کا آغاز رئیس ہائی اسکول کے پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری نے کیا۔ انھوں نے ورک شاپ کے اغراض بیان کیے اور بتایا کہ رئیس ہائی اسکول نے طلبہ و اساتذہ کی ذہنی آبیاری و تربیت کے مقصد سے 'کہ آتی ہے اردو زباں آتے آتے' سیریز کے تحت متعدد ورک شاپس کا کامیاب انعقاد کیا ہے، موجودہ ورک شاپ اسی سلسلے کی ساتویں کڑی تھا۔ شہر کے 6 جونیر اور 3 ڈگری کالجز کے تقریباً 100 طلبہ اور اساتذہ نے ورک شاپ سے بحیثیت کارآموز استفادہ کیا اور متعدد سوالات کی صورت میں اپنے شوق و تجسس کا اظہار کیا جن کا فاضل آموزگاروں نے تسلی بخش جواب دیا۔ رابطہ کار شمیم اقبال مومن (معلم) نے نظامت کا فریضہ بہ حسن و خوبی انجام دیا۔ ورک شاپ کی کامیابی میں انصاری قنوت وکیل احمد (معلمہ) کی محنت شامل رہی۔ عامر صدیقی (وائس پرنسپل) اور مخلص مدعو (معاون صدر مدرس) بھی شریکِ محفل ہوئے۔ اظہارِ تشکّر کا فریضہ وائی سی ایم او یو اسٹڈی سینٹر کے کوآرڈنیٹر عبدالعزیز انصاری نے ادا کیا۔
Comments
Post a Comment