مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے ایوارڈ یافتگان کو انعامی رقم منتقل، ضابطۂ اخلاق ختم ہوتے ہی کارروائی مکمل۔ایگزیکٹو آفیسر شعیب ہاشمی اور چیئرمین سید حسین اختر کی کاوشیں رنگ لائیں، ایوارڈ یافتگان کا اظہارِ تشکر۔
مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے ایوارڈ یافتگان کو انعامی رقم منتقل، ضابطۂ اخلاق ختم ہوتے ہی کارروائی مکمل۔
ایگزیکٹو آفیسر شعیب ہاشمی اور چیئرمین سید حسین اختر کی کاوشیں رنگ لائیں، ایوارڈ یافتگان کا اظہارِ تشکر۔
ممبئی (نامہ نگار): مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کی جانب سے مختلف شعبۂ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اساتذہ، صحافیوں اور دیگر ممتاز شخصیات کو دیے گئے ایوارڈز کی انعامی رقم بالآخر تمام ایوارڈ یافتگان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کر دی گئی ہے۔ ان ایوارڈز میں سند، مومینٹو اور نقد رقم شامل تھی۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر میں مختلف انتخابات کے باعث ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے انعامی رقوم کی منتقلی میں تکنیکی تاخیر پیش آئی تھی۔ تاہم اب ضابطۂ اخلاق کے خاتمے کے بعد اکیڈمی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے یہ معاملہ مکمل کر لیا ہے، جس سے ایوارڈ یافتگان میں اطمینان اور خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اس سلسلے میں اکیڈمی کے ایگزیکٹو آفیسر شعیب ہاشمی اور چیئرمین سید حسین اختر کی مسلسل پیروی اور مؤثر کوششیں ثمرآور ثابت ہوئیں۔ ان کی سنجیدہ کاوشوں کے باعث دیرینہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہو سکا۔ متعدد ایوارڈ یافتگان نے پیغامات کے ذریعے اکیڈمی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ایگزیکٹو آفیسر شعیب ہاشمی نے اس موقع پر بتایا کہ سال 2021، 2022 اور 2023 کے تمام ایوارڈ یافتگان کو مطلع کیا جاتا ہے کہ ان کی ایوارڈ کی رقم متعلقہ بینک اکاؤنٹس میں جمع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے ایوارڈ یافتگان سے اپیل کی کہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹس کی جانچ کریں اور رقم موصول ہونے کے بعد تحریری طور پر اردو ساہتیہ اکیڈمی کو اطلاع فراہم کریں، تاکہ ریکارڈ کی تکمیل کی جا سکے۔
اکیڈمی کے اس اقدام کو اردو حلقوں میں سراہا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ بھی اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات بروقت اور شفاف طریقے سے انجام پاتے رہیں گے۔
Comments
Post a Comment