ڈاکٹر محمد سعد بلگامی کی زیر صدارت پروفیشنلز میٹ کا انعقاد، موجودہ حالات میں ذمہ داریوں پر زور۔۔
بیدر۔ 19 /فروری (نامہ نگارمحمد عبدالصمد ) جماعت اسلامی ہند بیدرمیڈیا انچارج محمد آصف الدین کی اطلاع کے بموجب جماعت اسلامی ہند بیدر کے زیرِ اہتمام مسلم پروفیشنلز میٹ کا ایک اہم اجلاس(15/فروری 2026ء کو) نظام فنکشن ہال، بیدر میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں شہر و ضلع بیدر کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرس، انجینئرس، وکلا، تعلیمی اداروں کے ذمہ داران، تاجران اور دیگر تعلیم یافتہ معززین ودانشوران ملت نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر محمد سعد بلگامی امیر حلقہ جماعت اسلامی ہندکرناٹک نے کہا کہ آج دنیا میں فتنہ و فساد، ظلم و ناانصافی اور انتشار بڑھتا جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں مسلم معاشرہ بھی مختلف مسائل سے دوچار ہے۔ مسلم پروفیشنلز کو چاہیے کہ وہ اپنے کردار، اخلاق اور صلاحیتوں کے ذریعے ملت اور ملک کے لیے مثبت رہنمائی کا فریضہ انجام دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کی اصل شناخت اسلام ہے اور یہی شناخت ہماری طاقت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم نوجوان اور تعلیم یافتہ طبقہ اپنے اندر صبر، حکمت اور جرأت پیدا کرے اور حالات کا بہترین انداز میں مقابلہ کرے۔
ڈاکٹر بلگامی نے کہا کہ جماعت اسلامی بند کرناٹک ایک مضبوط پلیٹ فارم ہے جو ملت کو فکری رہنمائی، سماجی خدمت، تعلیمی ترقی اور دعوتِ دین کے میدان میں منظم انداز میں کام کرنے کی دعوت دیتی ہے۔ انہوں نے پروفیشنلز سے اپیل کی کہ وہ ملت کی تعمیر و ترقی کے لیے آگے آئیں اور سماج میں اصلاحی وداعیانہ کردار ادا کریں۔
اس تقریب میں ڈاکٹر حسام الدین عزیر قادری، صدر قاضی بید ر، ڈاکٹر مقصود چندا، ڈاکٹر جاوید، جناب محمد اشفاق احمد صدر رفاہ چیمبرس آف کامرس اینڈانڈسٹریز بیدر، کے علاوہ کئی پروفیشنلز،جناب محمدمعظم امیرمقامی JIHبیدر، معاون امیرمحمد عار ف الدین، اور دیگر ذمہ داران موجودتھے۔ شرکاء نے موجودہ حالات میں ملت کے مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا۔آخر میں منتظمین نے تمام مہمان پروفیشنلز اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام مستقبل میں بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ مسلم پروفیشنلز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے انہیں سماج کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جا سکے
Comments
Post a Comment