ننھے روزے دار کی پہلی خوشی۔حسین الطاف پٹھان کا پہلا روزہ۔۔


ننھے روزے دار کی پہلی خوشی۔
حسین الطاف پٹھان کا پہلا روزہ۔۔

از قلم ۔۔رضیہ سلطانہ الطاف پٹھان۔

رمضان المبارک کا مہینہ اپنے ساتھ بے پناہ برکتیں اور رحمتیں لے کر آتا ہے۔ اس مبارک مہینے میں ننھے روزے دار روزے رکھ کر رحمتوں کی بہار بکھیر دیتے ہیں اور اپنی معصوم عبادت سے پورے ماحول کو روحانی بنا دیتے ہیں۔
آج ہمارے گھر بھی ایک ننھا روزے دار موجود تھا: میرا بیٹا حسین الطاف پٹھان، جو اقراء اسکول میں دوسری جماعت کا طالب علم ہے۔ وہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ سحری کے لیے اٹھ بیٹھا۔ آنکھیں ملتے ہوئے سب سے کہنے لگا: “آج میں بھی روزہ رکھنے والا ہوں۔” پہلے ہی روز سے اس نے پوری تیاری شروع کر دی تھی۔ روز سحری میں اٹھنا، سحری کرنا اور دن بھر روزہ رکھنے کی ضد کرنا، حسین کے عزم اور شوق کی روشن دلیل تھا۔ اس کا یہ جوش و جذبہ دیکھ کر مجھے بھی حوصلہ ملتا اور دل میں خوشی کی لہر دوڑ جاتی۔
بچوں کا روزہ رکھنا نہ صرف ان کے ایمان کو مضبوط کرتا ہے بلکہ مستقبل کے لیے ایک نیک اور صالح انسان بننے کی بنیاد بھی رکھتا ہے۔ ایسے معصوم بچوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ میں نے سحری میں حسین کی پسند کی غذائیں شامل کیں اور روزے کی فضیلت، اللہ کی محبت اور عبادت کی اہمیت کے بارے میں اسے سمجھایا۔ میں نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ ننھے روزے داروں کی دعائیں خاص طور پر قبول فرماتا ہے، اور افطار کے وقت کی گئی دعا جلد شرفِ قبولیت پاتی ہے۔ حسین پوری توجہ سے میری باتیں سنتا رہا۔ جب بھی میں کسی نبی کا واقعہ سناتی ہوں تو وہ بڑی دلچسپی اور تجسس سے سنتا ہے۔ دل سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے سننے، سمجھنے اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آہستہ آہستہ ظہر کا وقت آ گیا۔ حسین اپنے دادا ابّا کے ساتھ نماز ادا کر کے خوشی خوشی گھر لوٹا۔ چہرے پر مسکراہٹ تھی اور روزہ رکھنے کی خوشی نمایاں تھی۔ اس کے مسکراتے چہرے نے میرے دل کو بھی خوشی سے بھر دیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے افطار کا وقت قریب آ پہنچا۔ نئے کپڑے پہن کر اور پھولوں سے سجا ہوا حسین خوشی سے نہال دکھائی دے رہا تھا۔ “میرا روزہ مکمل ہو رہا ہے”، کہتے ہوئے اس نے سب سے ہاتھ ملایا۔ گھر کے بڑوں نے اسے دل کھول کر دعائیں دیں۔
حسین افطار کے لیے مسجد روانہ ہوا۔ افطاری کے بعد اس نے نمازِ مغرب ادا کی اور اطمینان و مسرت کے ساتھ گھر واپس آیا۔ اس ننھے روزے دار کی پہلی خوشی ہمارے لیے بھی روحانی مسرت اور شکر کا سبب بن گئی۔

صدائے مہاراشٹر کی جانب سے اس معصوم روزہ دار اور اس کے والدین نیز رشتہ داروں کو صمیم قلب سے بے حد مبارکباد۔ 

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ