نائب چیئرمین، تمل ناڈو اسٹیٹ اردو اکیڈمی، ڈاکٹر محمد نعیم الرحمن نےکمشنر آف کولیجیٹ ایجوکیشن، محترمہ سندراولی آئی اے ایس سے ملاقات کی۔
تملناڈو (محمد رضوان اللہ) بروز منگل، 10 فروری 2026، اس ملاقات کے دوران نائب چیئرمین نے محترم وزیرِ اعلیٰ تعلیم، حکومتِ تمل ناڈو کو پیش کی گئی نمائندگی کی ایک نقل کمشنر آف کولیجیٹ ایجوکیشن کو پیش کی، جس میں ریاست کے 17 سرکاری آرٹس اینڈ سائنس کالجوں میں شعبۂ اردو کی از سرِ نو شروعات کی درخواست کی گئی ہے۔ اس نمائندگی کے ساتھ متعلقہ کالجوں کی فہرست بھی منسلک کی گئی تھی۔
کمشنر آف کولیجیٹ ایجوکیشن نے درخواست نامے میں پیش کیے گئے تمام نکات کو نہایت توجہ اور صبر کے ساتھ سنا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ تعلیمی سال 2026–2027 سےان تمام 17 سرکاری کالجوں میں اردو کو بطور دوسری زبان اور بی اے اردو ڈگری کورس شروع کیا جائے گا، اور اس سے متعلقہ تفصیلات کالجوں کی سرکاری ویب سائٹس پر بھی شائع کی جائیں گی۔
مزید برآں، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کورسز کی مؤثر تدریس کے لیے ضروری گیسٹ لیکچررز (مہمان اساتذہ) کی تقرری بھی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ اقدام ریاست میں اردو زبان و ادب کے فروغ اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اردو طلبہ کے لیے ایک اہم اور تاریخی پیش رفت ثابت ہوگا۔
Comments
Post a Comment