آج مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے زیر اہتمام عظیم الشان اردو مشاعرہ، ملک کے نامور شعراء کی شرکت۔اورنگ آباد اردو ادب کا گہوارہ ہے، مشاعرے کو کامیاب بنانا اہلِ شہر کی ذمہ داری۔ سید حسین اختر۔
اورنگ آباد (نامہ نگار): مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی، محکمہ اقلیتی ترقیات، منترالیہ ممبئی کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان اور باوقار اردو مشاعرہ منعقد کیا جا رہا ہے، جو حکومتِ مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ محترمہ سنیتا پوار کی سرپرستی میں انجام پائے گا۔ یہ ادبی تقریب اورنگ آباد کے تاریخی حج ہاؤس میں منعقد ہوگی، جہاں اہلِ ادب اور اردو دوست عوام کے لیے ایک یادگار ادبی شام سجائی جائے گی۔
اس مشاعرے کی صدارت معروف شاعر خان شمیم خان کریں گے، جبکہ نظامت کے فرائض نامور نظامت کار یوسف دیوان (ممبئی) انجام دیں گے۔ مشاعرے میں ملک کے ممتاز اور معروف شعراء شرکت کریں گے، جن میں ڈاکٹر ارتکاز افضل، ڈاکٹر اسلم مرزا، ڈاکٹر سلیم مویدین، ڈاکٹر قاسم امام، ڈاکٹر یوسف صابر، شفیع احمد شفیع، ڈاکٹر خزالہ پروین، امتیاز گورکھپوری، ڈاکٹر اصف اقبال، یوسف رانا، مجتبی نجم، زکی الدین زکی، واثق ناتھا پوری اور وسیم راہی شامل ہیں، جو اپنے منتخب کلام سے محفل کو وقار اور تازگی بخشیں گے۔
یہ عظیم الشان اردو مشاعرہ بروز پیر، 16 فروری 2026 کو شام 7 بجے سے رات 10 بجے تک منعقد ہوگا۔ منتظمین کے مطابق مشاعرے میں شرکت کے لیے داخلہ عام رکھا گیا ہے۔
اس موقع پر سید حسین اختر، کارگزار صدر مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی، محکمہ اقلیتی ترقیات، حکومتِ مہاراشٹر نے اہلِ شہر سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا:
"اورنگ آباد اردو ادب کا گہوارہ ہے۔ یہی وہ سرزمین ہے جہاں اردو نے فروغ پایا اور یہاں سے یہ زبان نہ صرف ملک بھر میں بلکہ پوری دنیا میں پھیلی۔ ایسے میں یہ اورنگ آبادیوں کا سب سے بڑا حق اور ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اردو ادب کی ترویج و اشاعت میں بھرپور اور مؤثر کردار ادا کریں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے مشاعروں کا انعقاد اردو زبان و ادب کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف سینئر شعراء کو سامعین سے جوڑا جاتا ہے بلکہ نئے لکھنے اور پڑھنے والوں کو بھی ایک باوقار اسٹیج فراہم کیا جاتا ہے، تاکہ وہ مقامی سطح تک محدود نہ رہیں بلکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اردو زبان کا نام روشن کر سکیں۔
سید حسین اختر نے اہلِ ادب، طلبہ، اساتذہ، شعراء اور اردو دوست عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں شرکت کر کے اس عظیم الشان مشاعرے کو کامیاب بنائیں اور اردو زبان و ادب سے اپنی وابستگی کا عملی ثبوت پیش کریں۔
Comments
Post a Comment