جلگاؤں میں بجلی حادثے کے متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ، مہاوترن کی جانب سے تینوں خاندانوں کو چار، چار لاکھ روپے کی امداد منظور۔
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): اقصی نگر، مہروُن علاقہ میں 5 دسمبر 2025 کو پیش آنے والے دلخراش بجلی حادثے میں مولانا حافظ صابر خان نواز خان پٹھان، ( استاد رضا مدرسہ ،نائب امام مسجد رضا),عالیہ صابر خان پٹھان( زیر تعلیم حافظہ)اور فاطمہ عظیم پٹھان( زیر تعلیم حافظہ) کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔ اس افسوسناک واقعہ نے پورے شہر کو غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا تھا۔ متاثرہ خاندانوں کو انصاف اور فوری مالی امداد فراہم کرانے کے لیے ایکتا سنگھٹنا نے عملی اور احتجاجی کردار ادا کرتے ہوئے انتظامیہ کے سامنے مسلسل محضر پیش کیں، متعلقہ افسران سے ملاقاتیں کیں اور اس معاملے کو عوامی سطح پر اٹھایا۔
تنظیم کی مسلسل جدوجہد اور دباؤ کے نتیجے میں بالآخر مہاوترن انتظامیہ کو فیصلہ لینا پڑا۔ تینوں مرحومین کے ورثاء کو فی کس چار لاکھ روپے بطور معاوضہ منظور کیے جانے کا سرکاری حکم آج تنظیم کے نمائندوں کے حوالے کیا گیا۔ یہ رقم براہ راست مستحق ورثاء کے بینک کھاتوں میں جمع کی جائے گی۔ اس موقع پر مہاوترن کے کارگزار انجینئر دتاتریہ سالی، اسسٹنٹ انجینئر آڈھاو اور انجینئر بڑگجر نے تنظیم کے کنوینر فاروق شیخ کی موجودگی میں ضیاء باغبان، حافظ عبدالرحیم پٹیل، ذکی پٹیل، عمران کاکر، غفران شیخ سمیت دیگر عہدیداروں کو منظوری نامے کی نقل فراہم کی۔
اس موقع پر تنظیم کے کنوینر فاروق شیخ نے کہا: “انصاف حاصل ہونے تک جدوجہد ہمارا راستہ ہے، اور مظلوموں کے حق کی لڑائی آئندہ بھی پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔” ایکتا سنگھٹنا نے مہاوترن انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سخت لہجے میں مطالبہ کیا کہ بجلی محکمے کی لاپروائی کے سبب آئندہ ایسی جان لیوا وارداتیں دوبارہ رونما نہ ہوں۔ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور شہر بھر میں مضبوط حفاظتی انتظامات فوری طور پر نافذ کیے جائیں۔
اگرچہ ضائع ہونے والی جانیں واپس نہیں آ سکتیں، تاہم تنظیم کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں متاثرہ خاندانوں کو مالی سہارا ضرور ملا ہے۔ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر آواز مضبوطی اور منظم انداز میں بلند کی جائے تو حکومت اور انتظامیہ کو بروقت فیصلہ کرنا ہی پڑتا ہے۔
Comments
Post a Comment