اقبال نیازی کی ہدایت میں "داستانِ کیؔفی" اور "داستانِ ساؔحر"دو میوزیکل داستانوں نے خوب رنگ جمایا،ناظرین کا ہجوم۔
اقبال نیازی کی ہدایت میں "داستانِ کیؔفی" اور "داستانِ ساؔحر"
دو میوزیکل داستانوں نے خوب رنگ جمایا،ناظرین کا ہجوم۔
ممبئی (راست) گزشتہ دنوں ممبئی یونیورسٹی کالینہ کیمپس میں منعقد ہونے والے "جشنِ اردو" اور "اردو جلسہ" میں کردار آرٹ اکیڈمی کی دو بیحد مقبول میوزیکل داستانوں نے ناظرین کو خوب محظوظ کیا۔ شائقین کا ہجوم دونوں شوز میں رہا اور لوگوں نے فرمائش کر کر کے کیؔفی اعظمی اور ساؔحر لدھیانوی کے گیت بار بار سنے۔
پہلے دن "داستانِ کیؔفی عرف کیفیات" پیش کی گئی۔ التمش رشید، فرزانہ شاہد اور نازش انصاری نے داستان گو کے کردار نبھائے۔ ممتاز نیازی کی تحریر کردہ اسکرپٹ کو اقبال نیازی نے ترتیب و ہدایات سے سجایا۔ گلوکار زرّین خان، شبانہ شیخ، ناصر یوسف، اور عمران علی نے کیؔفی اعظمی اور ساؔحر کے لازوال گیتوں کو اپنی آوازیں دیں اور دو دن تین گھنٹے تک شائقین سے زبردست داد وصول کی۔ دوسرے دن کردار آرٹ اکیڈمی نے "اردو جلسہ" میں "داستانِ ساؔحر" پیش کیا۔ اس میں ابھیشیک شیٹے اور رتیکا سنگھ نے داستان گو کی حیثیت سے ساؔحر لدھیانوی کی دلچسپ داستان سنائی۔ اسکرپٹ، ڈیزائن اور ہدایت اقبال نیازی کی تھی۔
دونوں شوز میں بیک اسٹیج فنکاروں میں ثانیہ ارم، نازش، ممتاز نیازی، سوربھ، شگفتہ نے شوز کو کامیاب بنانے میں بہت محنت کی۔ شائقین کا ردِّ عمل دونوں شوز کے تعلق سے یہ تھا کہ "ہم کسی بڑے پردے پر خوبصورت فلم دیکھ رہے ہیں، اور کیفؔی اور ساؔحر کی زندگی کے نشیب و فراز سے اور اُن کے گیتوں سے گویا ہم پہلی بار متعارف ہوئے ہیں۔"
واضح ہو کہ کردار آرٹ اکیڈمی سے اقبال نیازی کی ہدایت میں داستانِ کبیؔر، داستانِ نظؔیر، داستانِ مجاؔز، داستانِ مجرؔوح جیسے مقبول شوز بھی اسٹیج کیے جا چکے ہیں اور اب عید کے موقع پر درد کی داستان یعنی "داستانِ مینا کماری" پیش کیا جائے گا۔
Comments
Post a Comment