مسجد یعقوبیہ اہلِ حدیث، چینئی میں اسلامی کوئز مقابلہ اختتام پذیر۔
چینئی: (محمد رضوان اللہ) 7 فروری 2026، بروز ہفتہ مسجد یعقوبیہ اہلِ حدیث، چینئی میں منعقد ہونے والا اسلامی کوئز مقابلہ بعد نمازِ مغرب کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ پروگرام کا آغاز خوش الحانی کے ساتھ ارحان کی تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جس سے ماحول روحانیت سے معمور ہوگیا۔
اس موقع پر منعقدہ اسلامی کوئز و تقریری مقابلے میں چوبیس (24) بچوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ بچوں نے دینی معلومات، اعتماد اور سلیقہ مندی کا شاندار مظاہرہ کیا، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔
مقابلے میں حَکم کے فرائض
حافظ اسد اللہ عتیق عمری، شیخ نسیم اختر مکی اور شیخ محمد عابد اثری نے انجام دیے، جنہوں نے نہایت انصاف اور دیانت داری کے ساتھ بچوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
یہ پروگرام امام و خطیب مسجد یعقوبیہ اہلِ حدیث، کلیم اللہ امداد تیمی کی نگرانی میں منعقد کیا گیا، جن کی رہنمائی میں پورا پروگرام منظم اور خوش اسلوبی سے انجام پایا۔
مقابلے کے اختتام پر کامیاب بچوں کی ٹرافی اور میڈل کے ذریعے حوصلہ افزائی کی گئی، جبکہ تمام شرکاء کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ اس موقع پر مسجد میں مردوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں خواتین بھی شریک رہیں، جس سے پروگرام کی افادیت اور مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
آخر میں شیخ نسیم اختر مکی، حافظ اسد اللہ عتیق عمری اور کلیم اللہ امداد تیمی نے مختصر مگر پُراثر نصیحت آمیز کلمات پیش کیے، جن میں بچوں کی دینی تربیت، علمِ دین کی اہمیت اور والدین کی ذمہ داریوں پر زور دیا گیا۔
واضح رہے کہ مسجد یعقوبیہ اہلِ حدیث، چینئی میں اس نوعیت کی دینی، تعلیمی اور اصلاحی سرگرمیاں باقاعدگی کے ساتھ منعقد ہوتی رہتی ہیں۔
Comments
Post a Comment