قریشی صلاح الدین سر کو ریاستی سطح کے مثالی مدرس ایوارڈ سے نوازا گیا۔


پونہ (راست) قریشی شیخ سلطان صلاح الدین شہاب الدین، ضلع پریشد اردو اسکول لونی کلبھور نمبر ٣، ضلع پونے کے مثالی استاد کی حیثیت سے اکھیل بھارتیہ اردو شکشک سنگھٹنا (آل انڈیا اردو ٹیچرز ایسوسی ایشن)، ریاست مہاراشٹرا کی جانب سے بروز اتوار، 01/02/2026 کو اسمبلی ہال، اعظم کیمپس پونے میں ایک عظیم الشان تعلیمی کانفرنس پروگرام کے دوران ریاستی سطح کے مثالی مدرس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ قریشی صلاح الدین سر نے تعلیمی میدان میں مختلف نئی سرگرمیوں کو نافذ کیا ہے۔ وہ طلباء کی ہمہ جہت معیار کی ترقی کے لیے مسلسل کوشاں رہتے ہیں۔ انہوں نے بہت سی تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں جیسے کہ سماجی شراکت سے اسکول کی تعمیر، مختلف تعلیمی مواد کی دستیابی، کمپیوٹر لیبز، سائنس لیبارٹریز، اسپورٹس کمپلیکس کٹ، ای لرننگ، تعلیم میں ٹیکنالوجی کا استعمال وغیرہ میں گراں قدر تعاون کیا ہے۔ ان کے طلباء نے سائنس کی نمائش، آرٹ و فنون، کھیلوں اور ثقافتی پروگراموں وغیرہ میں ضلعی سطح تک کارہائے نمایاں انجام دے کر بار ہا کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔ 
قریشی صلاح الدین سر نے ادب کے میدان میں بین الاقوامی سطح پر اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے ہیں اور ان کے تحقیقی مقالے بین الاقوامی سطح پر شائع ہو چکے ہیں۔ ان کے 20 سے زائد مضامین اور 4 کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ آج تک، وہ مقامی، ضلع، ریاستی اور قومی سطح پر 20 سے زیادہ مختلف اعزازات حاصل کر چکے ہیں اور حال ہی میں مہاراشٹرا راجیہ اردو ساہتیہ اکادمی کی جانب سے سرکاری ریاستی سطح کے مثالی معلم ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے۔ 
اکھیل بھارتیہ اردو شکشک سنگھٹنا (آل انڈیا اردو ٹیچرس اسوسی ایشن) نے اپنی سلیکشن کمیٹی کے ذریعے ریاست مہاراشٹر سے تجاویز طلب کیں تھیں۔ موصول ہونے والی تجاویز میں سے ہر ضلع سے ایک استاد کا انتخاب کیا گیا۔ مثالی استاد کے انتخاب کے لیے سلیکشن کمیٹی بنائی گئی۔ اس سلیکشن کمیٹی کے ذریعے تمام تجاویز کو بغور جانچنے کے بعد قریشی شیخ سلطان صلاح الدین شہاب الدین کو پونے ضلع کے مثالی مدرس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا، تنظیم کے صدر الحاج الدین فاروقی نے یہ اطلاع دی اور تمام منتخب اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس ایک روزہ تعلیمی کانفرنس اور انعامات کی تقسیم کے پروگرام میں محترمہ عابدہ انعامدار چیرمین ایم سی ای سوسائٹی، محترم نوید الحق بال بھارتی پونے، شری زبیر میمن، شیخ کامل عادل پبلیکیشن پونے، ڈاکٹر معین الدین فلاحی پرنسپل پونہ کالج، ڈاکٹر مظہر فاروقی، حاجی غفور پٹھان کارپوریٹر پونے اور تعلیمی، سماجی و سیاسی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تنظیم اور ریاست بھر کے ہر ضلع سے اساتذہ اور ماہرین تعلیم بڑی تعداد میں موجود تھے جس میں اردو زبان و مدارس کی بقاء ، اسکولوں اور اساتذہ کے مسائل ، حکومت کے حکمت عملیاں ، تربیت اساتذہ اور اردو زبان کی ترقی و ترویج میں اساتذہ کی ذمہ داریاں جیسے اہم موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔