علم و ادب کی دو ممتاز شخصیات ڈاکٹر ناصر بن علی اور ڈاکٹر افتخارالدین اختر کے اعزاز میں پروقار تہنیتی تقریب۔۔۔ جناب اسد علی انصاری، ڈاکٹر پیرزادہ فہیم الدین ،انجنئیر نئیر خورشید ، ڈاکٹر ماجد داغی اور ڈاکٹر منظور احمد دکنی کی مبارک باد۔
کلبرگی 11 / فروری. جناب اسد علی انصاری صدر کُل ہند مجلسِ تعمیرِ ملت ضلع گلبرگہ کے دولت کدے پر علم و ادب سے وابستہ دو عظیم اور معزز شخصیات کے اعزاز میں ایک نہایت پروقار تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب دو فرزندانِ گلبرگہ معروف ماہرِ تعلیم جناب ڈاکٹر ناصر بن علی (حال مقیم کینیڈا) اور محبِ اردو و لیکچرر جناب افتخارالدین اختر صاحب کو خراجِ تحسین پیش کی گئی ۔
یہ محفل درحقیقت گلبرگہ کی اُن دو روشن ستاروں کے اعتراف میں منعقد کی گئی جنہوں نے علم و ادب اور تدریس کے میدان میں اپنی بے پناہ صلاحیتوں اور طویل خدمات کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔ تقریب میں شہر گلبرگہ کی علمی، ادبی اور صحافتی دنیا کی ممتاز شخصیات نے شرکت فرما کر محفل کو چار چاند لگا دیے۔ شرکائے تقریب میں سینیئر صحافی حکیم شاکر ، ڈاکٹر پیرزادہ فہیم الدین رکن سنڈیکیٹ گلبرگہ یونیورسٹی ، ممتاز صحافی و ادیب ڈاکٹر ماجد داغی ، ڈاکٹر منظور احمد دکنی ، انجینئر نئیر خورشید ، ڈاکٹر ایم ایم بیگ ایڈمنسٹریٹر القمر نرسنگ و فارمیسی کالج، محمد معظم علی ، علاءالدین محمد اکبر کے اسمائے گرامی قابلِ ذکر ہیں۔ اس موقع پر دونوں مہمانانِ خصوصی کی خدمت میں گل پوشی و شال پوشی کا خوشگوار فریضہ انجام دیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ناصر بن علی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایسی علمی و تہذیبی محفلوں میں شرکت کرنا ان کے لیے باعثِ فخر و مسرت ہے۔ انہوں نے اپنی تقریباً پچاس سالہ تعلیمی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے ماضی کے اہم واقعات بیان کیے، جس سے ایسا محسوس ہو رہا تھا گویا تاریخ کے اوراق پلٹے جا رہے ہوں اور سامعین خاموشی سے ایک زندہ کتاب کا مطالعہ کر رہے ہوں۔ محبِ اردو جناب افتخارالدین صاحب جو اردو زبان سے اپنی والہانہ وابستگی کے لیے جانے جاتے ہیں، نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ نیشنل ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے انہیں بہترین استاد کے ایوارڈ سے نوازا گیا، جو دراصل اردو زبان کی خدمت کا اعتراف ہے۔ انہوں نے اپنے تدریسی تجربات کے ساتھ ساتھ اردو زبان کے ساتھ ہو رہی ناانصافیوں پر بھی شدید افسوس کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد فہیم الدین پیرزادہ نے دونوں معزز شخصیات کی علمی و تعلیمی خدمات پر مختصر مگر جامع روشنی ڈالی اور انہیں قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ جناب ڈاکٹر ماجد داغی صاحب اور ڈاکٹر منظور احمد دکنی صاحب نے ڈاکٹر ناصر بن علی اور ڈاکٹر افتخارالدین اختر کو دلی مبارک باد پیش کی۔ آخر میں جناب اسد علی انصاری صاحب کی جانب سے پرتکلف ضیافت کا شاندار اہتمام کیا گیا تھا، جس پر تمام شرکاء نے مسرت کا اظہار کیا۔ یہ تقریب نہ صرف علم و ادب سے محبت کی خوبصورت مثال تھی بلکہ گلبرگہ کی علمی روایت کی ایک روشن جھلک بھی ثابت ہوئی۔
Comments
Post a Comment