سڑک کے قوانین زندگی کے محافظ ہیں:این۔ بی۔ نالتواڑانجمن ڈگری کالج میں ٹریفک بیداری پروگرام، طلبہ کو ذمہ دار شہری بننے کی تلقین۔


دھارواڑ، 08 فروری : (نامہ نگار) انجمن آرٹس سائنس کامرس کالج اینڈ پی جی اسٹڈیزدھارواڑ میں ٹریفک بیداری پروگرام قومی سڑک تحفظ ماہ کے موقع پر ہبلی-دھارواڑ پولیس کمشنریٹ کے تحت دھارواڑ ٹریفک پولیس اسٹیشن کی جانب سے منعقد کیا گیا۔اس پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل ڈاکٹراین۔ بی۔ نالتواڑ نے کہا کہ موجودہ دور میں سڑک پر گاڑیوں کا بڑھتا ہوا استعمال ہماری روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بن چکا ہےلیکن ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث پیش آنے والے حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع نہایت افسوسناک امر ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین محض قانونی دفعات نہیں بلکہ انسانی زندگی کے محافظ اصول ہیں۔ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال، رفتار کی حد کی پابندی اور ٹریفک سگنلز کا احترام نہ صرف ہماری اپنی بلکہ دوسروں کی جان کی حفاظت کا ضامن ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ خود بھی قوانین کی پابندی کریں اور سماج میں شعور بیدار کرنے میں فعال کردار ادا کریں کیونکہ ایک ذمہ دار شہری ہی محفوظ معاشرے کی بنیاد رکھتا ہے۔ اس موقع پر پولیس انسپکٹر شری سرینواس میٹی اور ہیڈ کانسٹیبل شری شیکھر ہادیمنی نے شرکت کرتے ہوئے طلبہ کو ٹریفک قوانین کی لازمی پابندی ،ان کی خلاف ورزی سے پیدا ہونے والے سنگین نتائج اور محفوظ سڑک نظام میں نوجوانوں کی ذمہ داریوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ کے ساتھ سوال و جواب پر مشتمل بامقصد گفتگو بھی کی۔اس موقع پر کالج کے این ایس ایس یونٹ 1 اور 2 کی کوآرڈینیٹرز ڈاکٹرتاج النساءاور پروفیسر این۔ ایم۔ کنکنی، انجمن ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹرسرفراز مشریکوٹی،ارشاد پٹیل، حضرت علی تورگل، ڈگری کالج و انجمن ہائی اسکول کے اساتذہ کرام اور کثیر تعداد میں طلبہ موجود تھے۔ پروگرام اختتام پذیر ہوا مگر اس نے طلبہ کے ذہنوں میں محفوظ اور ذمہ دار ٹریفک رویّے کا گہرا اثر چھوڑا۔(رپورٹ: ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی،انجمن ڈگری کالج دھارواڑ)

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔