اردو رسم الخط خطاطی کی بقا کے لیے نئی نسل کو روشناس کروانا ضروری ۔ سید حسین اختر۔۔چشتیہ کالج خلدآباد میں دو ہفتہ اردو خطاطی سرٹیفکیٹ کورس کا کامیاب اختتام۔


اردو رسم الخط خطاطی کی بقا کے لیے نئی نسل کو روشناس کروانا ضروری ۔ سید حسین اختر۔۔
چشتیہ کالج خلدآباد میں دو ہفتہ اردو خطاطی سرٹیفکیٹ کورس کا کامیاب اختتام۔

اورنگ آباد (نامہ نگار) : 
اردو ایجوکیشن سوسائٹی، اورنگ آباد کے زیرِ انتظام چشتیہ کالج آف آرٹس، سائنس اینڈ کامرس، خلدآباد میں شعبۂ اردو کے زیرِ اہتمام منعقدہ دو ہفتہ اردو خطاطی سرٹیفکیٹ کورس (2 فروری تا 16 فروری 2026ء) کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس کورس کا انعقاد سوسائٹی کے صدر عالیجناب شیخ محمد ایوب صاحب کی رہبری و رہنمائی اور جنرل سیکریٹری عالیجناب عبدالوحید صاحب کی سرپرستی میں عمل میں آیا، جبکہ مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی، ممبئی کا خصوصی تعاون حاصل رہا۔
کورس کی اختتامی تقریب کی صدارت کالج کے پرنسپل پروفیسر سید آصف ذکریا نے کی۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی، اورنگ آباد کے شعبۂ اردو کی صدر پروفیسر ڈاکٹر کیرتی مالنی جاؤلے صاحبہ شریک رہیں، جبکہ مہمانِ اعزازی کے طور پر مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی کے صدر سید حسین اختر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
واضح رہے کہ اس کورس کا افتتاح 2 فروری 2026ء کو ڈاکٹر عبدالمجاہد انصاری، اسوسی ایٹ پروفیسر شعبۂ اردو، کوہ نور کالج خلدآباد کے ہاتھوں عمل میں آیا تھا۔ صدرِ شعبۂ اردو اور کورس کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر صدیقی افروزہ نے پندرہ روزہ خطاطی کورس کی تفصیلی روداد پیش کرتے ہوئے اس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور مہمانانِ گرامی کا تعارف کرایا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے اپنے تاثرات میں کورس کو نہایت مفید اور رہنمائی بخش قرار دیا۔
مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر کیرتی مالنی جاؤلے صاحبہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو خطاطی ہماری عظیم تہذیبی روایت کا اہم حصہ ہے اور اس نوعیت کے کورسز نئی نسل کو اردو زبان اور اس کی جمالیات سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
مہمانِ اعزازی سید حسین اختر نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اردو رسم الخط اور خطاطی کی بقا اسی وقت ممکن ہے جب نئی نسل کو اس سے روشناس کرایا جائے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اردو خطاطی کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں تو ایسے تربیتی کورسز کو اسکولوں اور کالجوں میں تسلسل کے ساتھ منعقد کرنا ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون اور مالی معاونت فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔
اس موقع پر اردو خطاطی کے استاد جناب نسیم الدین صاحب کی پندرہ روزہ گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں مومینٹو، سپاس نامہ، شال اور گل پیش کر کے تہنیت پیش کی گئی۔ قابلِ ذکر ہے کہ اس دو ہفتہ کورس میں کُل 45 طلبہ و طالبات نے داخلہ لے کر کامیابی کے ساتھ کورس مکمل کیا، جن میں پرائمری، ہائی اسکول، جونیئر اور سینئر کالج کے طلبہ کے علاوہ غیر اردو داں اور غیر مسلم اساتذہ کی شرکت بھی شامل رہی۔
پروگرام کی نظامت شعبۂ اردو کی معلمہ ڈاکٹر نازنین سلطانہ نے انجام دی، جبکہ جناب سیف جعیدی کے اظہارِ تشکر پر یہ باوقار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ اس کورس کو کامیاب بنانے میں صدرِ شعبۂ اردو ڈاکٹر صدیقی افروزہ اور ڈاکٹر نازنین سلطانہ کی خصوصی کاوشیں قابلِ ستائش رہیں۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔