ضلع پریشد محکمۂ صحت جلگاؤں کے اشتہار میں بی یو ایم ایس ڈگری کو شامل کرنے کا آئینی مطالبہ۔ تحریر: عقیل خان بیاولی، جلگاؤں۔


ضلع پریشد محکمۂ صحت جلگاؤں کے اشتہار میں بی یو ایم ایس ڈگری کو شامل کرنے کا آئینی مطالبہ۔ 
تحریر: عقیل خان بیاولی، جلگاؤں۔ 

مورخہ 10 فروری 2026 کو شائع ہونے والے مراٹھی روزنامہ لوک مت (جلگاؤں ایڈیشن) میں میڈیکل آفیسر جلگاؤں کی جانب سے ضلع پریشد محکمۂ صحت عامہ کے تحت
15 ویں مالیاتی کمیشن، ناگری آروگیہ وردھنی کیندر اور ہندو ہردے سمراٹ بالا صاحب ٹھاکرے اپنا اسپتال یوجنا کے تحت میڈیکل آفیسر کے خالی عہدوں پر تقرری کے لیے اشتہار شائع کیا گیا ہے، جس میں صرف ایم بی بی ایس اور بی اے ایم ایس ڈگری یافتگان کو اہل قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ بی یو ایم ایس (Bachelor of Unani Medicine and Surgery) ڈگری سی سی آئی ایم (Central Council of Indian Medicine)
اور ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن یونیورسٹی
کے قواعد و ضوابط کے تحت ایک قانونی، تسلیم شدہ اور مساوی آیوش طبی ڈگری ہے۔ اس کے باوجود، اسی کے مساوی درجہ رکھنے والی بی یو ایم ایس ڈگری کو اس اشتہار سے خارج کرنا
آئینِ ہند کے آرٹیکل 14 (برابری کا حق)
اور آرٹیکل 16 (مساوی مواقع کا حق)
کی صریح خلاف ورزی ہے۔ یہ طرزِ عمل بی یو ایم ایس ڈگری یافتگان کے ساتھ کھلی ناانصافی امتیازی سلوک اور محرومی کے مترادف ہے، جبکہ وہ بھی سرکاری طور پر منظور شدہ نصاب، رجسٹریشن اور طبی خدمات کے اہل ہیں۔ یہ بات قابلِ غور ہے کہ ریاست مہاراشٹر ہی نہیں بلکہ ملک کے مختلف حصوں میں
جہاں بی اے ایم ایس کو ایم بی بی ایس کے مساوی رکھ کر تقرری کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، وہیں بی یو ایم ایس کو مسلسل نظر انداز کیا جانا آیوش پالیسی کی روح کے خلاف ہے۔ لہٰذا، بی یو ایم ایس ڈگری یافتگان حکومتِ مہاراشٹر، محکمۂ صحت عامہ اور آیوش وزارت سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ:
ضلع پریشد جلگاؤں کے جاری کردہ اشتہار میں بی یو ایم ایس ڈگری کو فوری طور پر شامل کیا جائے۔ آئندہ ہونے والی تمام تقرریوں میں جہاں بی اے ایم ایس کو اہل قرار دیا جائے، وہاں بی یو ایم ایس کو بھی مساوی حیثیت دی جائے۔ آیوش شعبہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرے اور بی یو ایم ایس کے ساتھ ہو رہی ناانصافیوں کا خاتمہ کرے۔ یہ مطالبہ کسی خصوصی رعایت کا نہیں بلکہ دستوری مساوات، قانونی حق اور پیشہ ورانہ وقار کا مطالبہ ہے۔ حکومت اگر واقعی آیوش نظامِ طب کو فروغ دینا چاہتی ہے تو تمام تسلیم شدہ طبی شعبوں کے ساتھ یکساں اور منصفانہ رویہ اختیار کرنا ہوگا۔ بی یو ایم ایس ڈگری یافتگان کا یہ مطالبہ نہ صرف جلگاؤں بلکہ پورے مہاراشٹر اور ملک بھر میں مساوی تقرری کے اصول کو مضبوط کرے گا اور نوجوان بی یو ایم ایس ڈاکٹرز میں اعتماد بحال کرے گا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔