اندرا گاندھی بیوہ اسکیم کی امدادی رقم بحال کرنے کا مطالبہ، اکھیل بھارتی گاہک پنچایت ارنڈول کی جانب سے تحصیلدار کو میمورنڈم۔
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)۔ اندرا گاندھی قومی بیوہ اسکیم کے تحت مستحق خواتین کو ملنے والی امدادی رقم طویل عرصے سے باقاعدہ طور پر موصول نہیں ہو رہی ہے۔ اس سنگین صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اکھیل بھارتی گاہک پنچایت، ارنڈول تعلقہ یونٹ کی جانب سے یہ امدادی رقم فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں نائب تحصیلدار جناب امول بن (سگایو) کا گل دستہ پیش کرکے خیرمقدم کیا گیا اور انہیں باقاعدہ میمورنڈم سونپا گیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ معاون وجے کولی اور سماجی خدمت گار وشال سونونے بھی موجود تھے۔ میمورنڈم پیش کرتے وقت ایرنڈول تعلقہ صدر ڈاکٹر نورالدین ملاجی، جتیندر ٹھاکرے، صلاح الدین علاؤالدین شیخ، ساگر شیلار، ذوالفقار علی، احمد رضا خان، ہمزے خان، عبدالنبی شیخ فتو سمیت دیگر معززین موجود تھے۔
میمورنڈم میں بتایا گیا کہ اندرا گاندھی قومی بڑھاپا پنشن یوجنا اور اندرا گاندھی بیوہ امداد یوجنا کے تحت مستحقین کے حیات ہونے کے ثبوت (آن لائن تصدیق) کے لیے گرام پنچایت سطح پر کیمپ منعقد کیے گئے تھے، اس کے باوجود متعدد مستحقین کو امدادی رقم موصول نہیں ہو رہی ہے۔ خاص طور پر اندرا گاندھی سنجے بیوہ خواتین کو دی جانے والی امداد تقریباً بند ہو چکی ہے، جس کے باعث یہ خواتین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
اس موقع پر نائب تحصیلدار امول بن نے کہا کہ یہ معاملہ حکومت کے دائرہ اختیار میں ہے، تاہم اس یوجنا سے متعلق درپیش مسائل کو دور کرنے کے لیے وہ بھرپور کوشش کریں گے اور متعلقہ محکمہ تک یہ مسئلہ پہنچایا جائے گا۔
کیمپ میں بڑی تعداد میں ضرورت مند مستحقین کی شرکت رہی اور متعدد افراد نے کیمپ سے فائدہ اٹھایا۔ تنظیم کی جانب سے امید ظاہر کی گئی کہ جلد ہی بیوہ اور معمر مستحقین کو ان کا جائز حق یعنی امدادی رقم باقاعدگی سے ملنا شروع ہو جائے گی۔
Comments
Post a Comment