مولانا آزاد کیمپس، ناندورہ میں شاندار تعلیمی کانفرنس کا انعقادتعلیم، والدین کی ذمہ داریاں اور سائبر جرائم پر جامع رہنمائی؛ 1200 سے زائد والدین و سرپرست حضرات کی شرکت۔


ناندورہ: (راست) مولانا آزاد کیمپس، ناندورہ میں مولانا آزاد پرائمری، سیکنڈری و ہائر سیکنڈری اسکول ناندورہ اور مجیدیہ اردو ہائی اسکول کے اشتراک سے ایک عظیم الشان تعلیمی کانفرنس کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس کانفرنس میں تقریباً 1200 والدین و سرپرست حضرات نے شرکت کی اور تعلیم، تربیتِ اولاد اور سائبر جرائم جیسے اہم موضوعات پر قیمتی رہنمائی حاصل کی۔
اس کانفرنس کے خصوصی مہمان سابق وزیر خان محمد اظہر حسین تھے، جبکہ صدارت ایڈوکیٹ عبدالرفیق نے فرمائی۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے سابق رکنِ اسمبلی اور RTE کمیٹی کے نائب صدر شری کانت دیش پانڈے موجود تھے۔
اس موقع پر سدھیر مرہیکر (صدر، نگر پریشد ناندورہ)، عتیق بھائی جواری والے (صدر، نگر پریشد ملکاپور)، سرفراز نواز خان (سیکریٹری، ملت ایجوکیشن سوسائٹی، اکولا)، ایڈوکیٹ زیڈ بی شیخ، ایڈوکیٹ شاہد شیخ (نگر سیوک)، محمد توصیف (سیکریٹری، مجیدیہ چیریٹیبل ٹرسٹ) سمیت کئی معزز شخصیات کی نمایاں شرکت رہی۔
کانفرنس کے مرکزی رہنما جَلگاؤں سے راغب احمد (Government Soft Skill Trainer) تھے جنہوں نے نہایت مؤثر انداز میں والدین کی رہنمائی کی۔
اس موقع پر شیخ انور (چیئرمین، صحت کمیٹی)، راہل گوٹھی، انیل جانگڑے، انجینئر محمد فرقان (تمام نگر سیوک) اور سماجی خدمت گار اقبال خان کا منتظمین کی جانب سے تہنیتی استقبال کیا گیا۔
اسی کے ساتھ اسکول کے سابق طالب علم اور ٹیکنالوجی سے وابستہ استاد افضل حسین کو ضلع پریشد بلڈانہ کی جانب سے دیے گئے آدرش شکشک ایوارڈ اور لوکمت گورو ایوارڈ حاصل ہونے پر ادارے کی طرف سے شال و گل پوشی کر کے اعزاز دیا گیا۔
اپنے خطاب میں سابق وزیر خان محمد اظہر حسین نے والدین کو تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں۔
سابق رکن اسمبلی شری کانت دیش پانڈے نے ایڈوکیٹ عبدالرفیق کی قیادت میں چلنے والے تعلیمی اداروں کے کام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ناندورہ کے شہریوں کے لیے مولانا آزاد جیسے ادارے کا ہونا خوش قسمتی ہے۔
عتيق بھائی جواری والے نے مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے پر زور دیا، جبکہ سرفراز نواز خان نے والدین کی ذمہ داریوں اور بچوں کے روشن مستقبل میں والدین کے کردار پر روشنی ڈالی۔
ایڈوکیٹ زیڈ بی شیخ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی مسلسل کرتے رہیں۔
صدارتی خطاب میں ایڈوکیٹ عبدالرفیق نے ادارے کے تعلیمی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے والدین سے تعاون کی اپیل کی تاکہ مستقبل میں مزید معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔
اِس کانفرنس کے سب سے اہم مقرر راغب احمد نے والدین کے کردار، بچوں کی پرورش، موبائل فون کے منفی اثرات، بدلتے دور میں والدین کی ذمہ داریاں اور سائبر جرائم جیسے حساس موضوعات پر نہایت مدلل اور مؤثر انداز میں گفتگو کر کے حاضرین کو متاثر کیا۔
پروگرام کی نظامت معروف وڑھاڑی شاعر و معلم سید فہیم اختر نے انجام دی، جبکہ محسن خان نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔
کانفرنس کی کامیابی کے لیے ایڈوکیٹ عبدالرفیق کی رہنمائی میں تمام اسکولوں کے سربراہان، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے نے بھرپور محنت کی۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔